صدر نے حلف کی پاسداری نہیں کرنی تو مستعفی ہوجائیں وزیر اطلاعات

Apr 20, 2022

اسلام  آباد (خبر نگار خصوصی +خبر نگار+نوائے وقت رپورٹ) حکومت نے میڈیا ڈویلپمنٹ ریگولیٹری اتھارٹی ختم کرنے کا اعلان کر دیا۔ مریم اورنگزیب نے کہا کہ پیکا آرڈیننس پر بھی نظر ثانی ہوگی۔ وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ میڈیا حکومت کے احتساب میں اہم کردار ادا کرتا ہے، قانون اپنا راستہ بنائے گا۔ کسی بے گناہ کو جیل میں نہیں ڈالیں گے، اپوزیشن رہنماؤں کو جیلوں میں ڈالا گیا تھا، جس نے غلط کام کیے ان کو جیلوں میں ڈالا جائے گا۔ زیر التوا جرنلسٹ پروٹیکشن بل جلد قابل عمل بنانے کی کوشش کرینگے۔ مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ صدر مملکت کے پاس آئینی عہدہ ہے، صدر مملکت عہدے کو سیاست کیلئے استعمال نہ کریں، صدر مملکت کو اپنی آئینی ذمہ داریوں کا احساس نہیں ہو رہا، صدر حلف کی پاسداری نہیں کرسکتے تو مستعفی ہو جائیں، پنجاب میں آئینی عہدے کا غلط استعمال کیا جا رہا ہے، گورنر کو آئینی طریقے سے عہدے سے ہٹایا گیا، انہیں گھر چلے جانا چاہئے۔ لیگی رہنما نے کہا کہ میں نے ڈیجیٹل میڈیا ونگ کو ختم کر دیا ہے، اداروں کے خلاف روبوٹ اکاؤنٹس کے ذریعے مہم چلائی جا رہی ہے، سوشل میڈیا پر بوٹ ٹویٹس کی چھان بین کی جا رہی ہے، کسی صحافی کے گھر کا گھیراؤ ہوا تو وزارت اطلاعات حفاظت کرے گی۔ وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے نیوز کانفرنس میں کہا کہ گزشتہ حکومت نے آزادی اظہار رائے پر قدغن لگائی۔ چار سال تک اظہار رائے پر پابندی اور سنسر شپ رہی۔ سابق دور میں صحافیوں کو نشانہ بنایا گیا۔ پروگرامز بند کرائے گئے۔ میڈیا ورکرز اور رپورٹر اداروں سے نکالے گئے۔ صحافیوں کو اغوا‘ تشدد کا نشانہ بنایا گیا۔ ان پر فائرنگ کی گئی۔ پیمرا کے ہوتے ہوئے کسی اور اتھارٹی کی ضرورت نہیں۔ پیکا 2016ء کا تمام سٹیک ہولڈرز کے ساتھ مل کر ریویو کریں گے۔ آزادی اظہار پر کسی قسم کی پابندی نہیں لگائی جائے گی۔ میڈیا انڈسٹری 4 سال سیاہ دور سے گزری۔ اپوزیشن کو سزائے موت کی چکیوں  میں ڈالا گیا۔ میڈیا حکومت کے احتساب میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔  انہوں نے کہا صحافیوں کے گھروں کے سامنے احتجاج کی کال برداشت نہیں کی جائے گی۔ جرنلسٹ پروٹیکشن بل انسانی حقوق وزارت میں ہے‘ جلد عملدرآمد کرائیں گے۔دریں اثناء وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ ڈیجیٹل میڈیا ریگولیٹری اتھارٹی کا کالا قانون اور ڈیجیٹل میڈیا ونگ ختم کر دیئے گئے ہیں، رائٹ آف انفارمیشن ایکٹ 2018 کو پوری قوت سے نافذ کیا جائے گا، اتحادی جماعتیں مل کر تمام مسائل کا حل تلاش کریں گی، بے روزگاری اور غربت کے خاتمے کے لئے حکمت عملی لائی جائے گی، میڈیا سے متعلقہ تمام مسائل کو مل بیٹھ کر حل کیا جائے گا، فیک نیوز پر بھی اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ بات کریں گے۔ انہوں نے کہا سابق دور میں قائم کئے گئے ڈیجیٹل میڈیا ونگ کو ختم کر دیا گیا ہے، ڈیجیٹل میڈیا ونگ کے ذریعے اداروں، صحافیوں اور اپوزیشن کے خلاف بوٹ ٹویٹس کئے جاتے تھے۔ خبر نگار کے مطابق مریم اورنگزیب نے کہا کہ سٹیٹ بینک کے مطابق تحریک انصاف کے 16 اکائونٹس میں بھارتی شہری رومیٹا شیٹی کے اکائونٹ سے پیسے آئے۔ برطانیہ، بھارت، فن لینڈ، ناروے اور کینیڈا سے تحریک انصاف کو پیسے آئے۔ انہوں نے کہا کہ 349 کمپنیوں اور 88  انفرادی لوگوں کے بھیجے گئے پیسے ڈیکلیئر نہیں کیے گئے۔ تحریک انصاف کو کروڑوں روپے ذاتی اکاؤنٹس میں آتے رہے، 2011 میں پندرہ اکائونٹس ڈیکلیئر نہیں کیے گئے۔ ستر لاکھ ڈالر فارن فنڈنگ میں ڈکلیئر نہیں ہیں، ممنوعہ فنڈنگ کسی نے لی ہے تو پارٹی اور چیئرمین کو بھی سزا ملے گی۔
 وزیر اطلاعات 

مزیدخبریں