اسلام آباد+کابل ( خصوصی نامہ نگار+نوائے وقت رپورٹ) افغانستان کے دارالحکومت کابل کے ایک ہائی سکول میں دھماکوں میں 6 افراد ہلاک اور 14 زخمی ہو گئے۔ غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق افغان دارالحکومت کابل کے ایک ہائی سکول میں تین دھماکے ہوئے ۔ دھماکوں کے بعد سکیورٹی اہلکاروں نے علاقے کو گھیرے میں لیکر ناکہ بندی کر دی۔ علاقے میں سرچ آپریشن جاری ہے۔ کچھ زخمیوں کی حالت تشویشناک ہے۔ حکام نے ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ظاہر کیا ہے۔ اب تک کسی تنظیم نے دھماکوں کے ذمہ داری قبول نہیں کی۔ غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق کابل میں واقع لڑکوں کے سکول میں دھماکے ہوئے۔ عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ ایک دھماکہ ہینڈ گرنیڈ سے کیا گیا۔ زخمی ہونے والے افراد کو طبی امداد کیلئے ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔ سکیورٹی حکام نے علاقے کو گھیرے میں لیکر تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔ دریں اثناء پاکستان نے کابل دھماکوں کی مذمت کی ہے۔ ترجمان دفتر خارجہ نے کہا ہے کہ کابل میں ہونے والے تین دہشتگرد حملوں کی شدید مذمت کرتے ہیں۔ دہشت گرد حملوں میں متعدد قیمتی جانیں ضائع ہوئیں۔ بے گناہ افراد زخمی ہوئے۔ پاکستانی حکومت اور عوام جاں بحق افراد کے خاندانوں سے ہمدردی کا اظہار کرتے ہیں۔ دہشتگرد حملوں میں زخمی ہونے والوں کی جلد صحت یابی کیلئے دعا گو ہیں۔ پاکستان ہر قسم کی دہشتگردی کی شدید مذمت کرتا ہے۔ دکھ کی اس گھڑی میں ہم اپنے افغان بھائیوں کے ساتھ کھڑے ہیں۔
کابل 3، بم دھماکے ،6ہلاک ، 14ذخمی دہشتگرد حملے قا بل ، مذمت: پاکستان
Apr 20, 2022