اسلام آباد (اپنے سٹاف رپورٹر سے+ نوائے وقت رپورٹ)عمران خان آج سماجی میڈیا پر قوم سے براہِ راست گفتگو کریں گے۔ اس سلسلے میں تحریک انصاف کی آفیشل سوشل میڈیا ٹیم کو تیاریوں کی ہدایت کردی گئی۔ یہ فیصلہ چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان کی زیرِصدارت سیاسی کمیٹی کے اجلاس میں کیا گیا۔ ملکی مجموعی سیاسی صورتحال اور آئندہ کے لائحہ عمل پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ سیاسی کمیٹی کے اجلاس میں کل 21 اپریل کو مینارِ پاکستان میں ہونے والے جلسے کی تیاریوں پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ جماعت کی آئندہ کی سیاسی حکمت عملی پر بھی مفصل تبادلہ خیال ہوا۔ حماد اظہر، منزہ حسن، عثمان ڈار اور فرخ حبیب کی جانب سے جلسے سے قبل بڑی ریلیوں کے انعقاد پر بریفنگ دی گئی۔ چیئرمین تحریک انصاف نے کہا کہ ذمہ داران قافلوں کے ہمراہ بروقت جلسہ گاہ پہنچیں۔ صاف شفاف انتخابات کے ذریعے عوام کو اپنے مستقبل کا موقع دینے کے سوا کوئی چارہ نہیں۔ کسی ملک کی خودمختاری اور جمہوریت کا تحفظ عوام کرتے ہیں۔ سازش کے ذریعے حکومت کی تبدیلی کو قبول کیا گیا تو آئندہ کوئی سربراہِ حکومت بیرونی دباؤ کا سامنا کرنے کی جسارت نہیں کرے گا۔ عمران خان نے کہا کہ پوری قوم اپنی آزادی و خود مختاری کیلئے یکجا اور متحرک ہے۔ 21 اپریل کو مینارِ پاکستان کے تاریخی مقام سے پاکستان کی حقیقی آزادی و خودمختاری کا اعلان کریں گی۔ ویڈیو بیان میں عمران خان نے کہا ہے کہ 21اپریل کو مینار پاکستان لاہور میں تاریخ کا سب سے بڑا جلسہ کرنے جارہے ہیں۔ اپنے ویڈیو بیان میں انہوں نے کہا کہ اسی جگہ 1940ء میں قرارداد پاکستان منظور ہوئی تھی جب بھارت کے مسلمانوں نے فیصلہ کیا تھا کہ ہم ایک آزاد ملک میں رہنا چاہتے ہیں جس کا نام پاکستان ہے۔ انہوں نے کہا کہ میں اسی جگہ حقیقی آزادی کی جنگ لڑنے کے لئے بلارہا ہوں ایک بیرونی سازش کے تحت اپنے غلاموں کو جو پاکستان کے کرپٹ ترین لوگ ہیں مسلط کیا جارہا ہے جب پاکستان بنا تو اس کا نعرہ تھا لا الہ الا اللہ، اس کا مطلب ہے کوئی نہیں ہے خدا اللہ کے سوا اور اس کے علاوہ ہم کسی کے اگے نہیں جھکیں گے۔ میں ہر طبقے بشمول تاجر، طلبہ، سرکاری ملازم، کسان، مزدور جو چاہتے ہیں پاکستان آزاد اور خود مختار ملک ہو سب کو جمعرات کو لاہور جلسے میں شرکت کی دعوت دیتا ہوں۔ علاوہ ازیں عثمان ڈار نے بنی گالا میں عمران خان سے ملاقات کی ہے۔ عمران خان نے نئی تحریک میں نوجوانوں کو مزید متحرک کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ عمران خان نے ’’خوددار جوان خوددار پاکستان‘‘ مہم شروع کرنے کا اعلان کیا ہے۔ فوکل پرسن برائے یوتھ افیئرز عثمان ڈار کو مہم لانچ کرنے کی ہدایت کی ہے۔ مہم کا لوگو کامیاب جوان پروگرام کی طرز پر ہی ڈیزائن کیا گیا ہے۔ عثمان ڈار نے کہا ہے کہ مہم کے تحت ملک بھر میں نوجوانوں کے کنونشن کا انعقاد ہو گا۔ عمران خان نوجوان کو پارٹی کی فیصلہ سازی میں شامل کریں گے۔ عمران خان نے نئی ذمہ داری دی ہے اسے بہترین انداز میں نبھاؤں گا۔ عمران خان نے کہا ہے کہ خوددار پاکستان کی جنگ خوددار نوجوانوں کی مدد سے لڑیں گے۔ نوجوان میری تحریک کا کلیدی حصہ ہوں گے۔ نوجوان باشعور ہیں اچھے برے میں فرق سمجھ چکے ہیں۔
عمران
شفاف انتخابات سے عوام کو موقع دینے کو سوا چارہ نہیں عمران
Apr 20, 2022