پاکستان تحریک انصاف کی مرکزی قیادت کا اہم اجلاس بدھ کو چیئرمین عمران خان کی زیرصدارت ہوا۔جس میں جمعرات 21 اپریل کو مینارِ پاکستان میں منعقد ہونے والے جلسے کی تیاریوں کے حوالے سے اہم امور پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا۔ اجلاس میں ملکی مجموعی سیاسی صورتحال خصوصاً حکومت کی تشکیل و ڈھانچے کا بھی جائزہ لیا گیا اور کہاگیاکہ پی ٹی آئی کوبڑی تعداد میں ملزموں کی وفاقی کابینہ میں شمولیت پر شدید تحفظات ہیں غیر یقینی کی صورتحال اور امپورٹڈ حکومت کے ملکی معیشت پر تباہ کن اثرات پر بھی گہری تشویش ہے۔ پاکستان تحریک انصاف نے ملک میں بلاتاخیر عام انتخابات کے انعقاد کے اعلان کا مطالبہ، عمران خان نے کہا کہ غیرفطری امپورٹڈ حکومت سے حالات نہیں سنبھل رہے، انواع و اقسام کے جرائم میں ملوث ملزمان کو وفاقی کابینہ میں، بھرتی کرکے جمہوریت کا چہرہ مسخ کرنے کی کوشش کی گئی ہے ،پاکستان اپنی تاریخ کے اہم ترین دور اور مقام پر کھڑا ہے۔ چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ قوم قیادت سے آگے نکل کھڑی ہوئی ہے،قوم اس وقت بیرونی سازش اور خودمختاری پر کئے جانے والے حملے پر نگاہیں جمائے بیٹھی ہے۔عمران خان نے کہا کہ اپنے لوگوں کو جانتا ہوں، قوم آزادی و خودمختاری پر رتی بھر سمجھوتے کو تیار نہیں۔ انہوں نے کہا کہ جب بھی کسی ملک پر فیصلہ کن وقت آتا ہے، قوم قیادت کی جانب دیکھتی ہے مستقبل کے فیصلے سے عوام کو محروم رکھنا زیادہ دیر تک ممکن نہیں۔ عمران خان نے کہا کہ غیرفطری امپورٹڈ حکومتیں کھڑی کرنے سے نہیں، شفاف انتخاب کے ذریعے عوام کو مستقبل کے فیصلے کا حق دینے سے پاکستان آگے جائے گاانتظامیہ رکاوٹیں پیدا کرنے کی حماقت سے گریز کرے، عوام کے سمندر کو قید کرنا ممکن نہیں مینارِ پاکستان کا کل کا اجتماع ایک تاریخ رقم کرے گا.