مدینہ منورہ+اسلام آباد (نمائندہ نوائے وقت+نمائندہ خصوصی) وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار کہا ہے کہ آئی ایم ایف کی تمام شرائط پوری کر دی ہیں، ٹیکنیکل جزیات تک مکمل ہو گئی ہیں۔ پاکستان بھنور سے نکل آیا ہے۔ 6 ماہ کی قلیل مدت میں گیارہ ارب ڈالر کی ادائیگی بروقت کی ہے۔ اور ملک کو ڈیفالٹ کروانے والے اور سری لنکا کا دیکھنے والوں کو شرمندگی ہوئی ہے۔ مدینہ منورہ میں اسحاق ڈار نے اپنے خطاب میں کہا 1998 ایٹمی دھماکے کے بعد اب دوسرا مشکل ترین دور تھا۔ پچھلی حکومت نے جو معاشی تباہی کی تھی، اور ڈیفالٹ کے دہانے تک پہنچا دیا تھا جس کا برملا اظہار ان کے مشیر خزانہ اور دوسری سینئر قیادت کر چکی تھی۔ انہوں نے مزید کہا کہ نواز شریف کو سعودی حکومت نے سربراہ مملکت سے بھی بڑا پروٹوکول دیا ہے جو پاکستان کے لئے قابل فخر اور پاکستان سے بے لوث محبت کی مثال ہے۔ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ مارچ میں حسابات جاریہ کے کھاتوں کا توازن خسارہ کی بجائے فاضل ہو گیا ہے۔ ایک ٹویٹ میں وزیرخزانہ نے کہا کہ حسابات جاریہ کے کھاتوں کا توازن مارچ میں 654 ملین ڈالر فاضل رہا۔ فروری 2023 میں یہ 36 ملین ڈالر کے خسارہ میں تھا۔ وزیرخزانہ نے کہا کہ جولائی سے مارچ تک حسابات جاریہ کے کھاتوں کا خسارہ 3.4 ارب ڈالر ریکارڈ کیا گیا جو گذشتہ مالی سال کی اسی مدت میں 13 ارب ڈالر تھا۔
آئی ایم ایف کی تمام شرائط پوری کردیں ، پاکستان بھنور سے نکل آیا : اسحاق ڈار
Apr 20, 2023