ایک روز الیکشن ، عید کے بعد مشاورت کیلئے تمام جماعتوں کا سربراہی اجلاس بلایا جائے گا 

اسلام آباد( نوائے وقت رپورٹ) وزیراعظم شہباز شریف کی صدارت میں حکمران جماعتوں کا اہم اعلی سطح مشاورتی اجلاس بدھ کی شام وزیراعظم ہاو¿س میں منعقد ہوا جس میں ملکی صورت حال کا تفصیل سے جائزہ لیا گیا اور آئینی وقانونی امور پر مستقبل کی حکمت عملی پر مشاورت ہوئی۔ اجلاس نے آئینی طریقہ کار کے مطابق نگران حکومتوں کے تحت ملک میں ایک ہی دن عام انتخابات کے انعقاد کے پہلے سے بیان کردہ موقف پر مشاورت کے بعد متفقہ طور پر فیصلہ کیا کہ عیدالفطر کے بعد حکمران جماعتوں کا سربراہی اجلاس بلایا جائے تاکہ پارلیمنٹ کے اندر اور باہر موجود تمام جماعتوں کے ساتھ پہلے سے شروع کردہ مشاورت کے قومی عمل کو اگلے مرحلے میں لیجایا جائے اور اس ضمن میں طریقہ کو حتمی شکل دینے پر اتفاق کیاجاسکے۔ اجلاس نے واضح کیا کہ اتحادی جماعتوں میں الیکشن کے انعقاد سے متعلق پہلے سے مشاورت اور مذاکرات کا عمل جاری ہے جس کے لئے وزیراعظم پہلے ہی ایک کمیٹی بھی بنا چکے ہیں جبکہ پی پی پی کے چیئرمن بلاول بھٹو زرداری اور پی ڈی ایم کے سربراہ مولانا فضل الرحمان سے ملاقات بھی اسی سلسلے کی کڑی ہے۔ مزید برآں امیر جماعت اسلامی کی وزیراعظم سے ملاقات بھی اسی عمل کا حصہ ہے۔ اجلاس نے اعادہ کیاکہ آئین، جمہوریت اور عوام کے ووٹ کے آئینی حق پر یقین رکھنے والی جماعتوں کے طور پر انتخابات کے انعقاد پر کامل یقین رکھتے ہیں۔سیاستدان کے طور پر مذاکرات کے دروازے ہم نے کسی پر بھی کبھی بھی بند نہیں کئے، نہ ہی کوئی جمہوریت پسند ایسا کر سکتا ہے۔میثاقِ معیشت کی پیشکش سے لے کر اب تک ہر مرحلے پر اتحادی حکومت نے بامعنی، سنجیدہ اور آئینی حدود کے اندر مذاکرات کے لئے آمادگی کا اظہار کیا ہے۔ آزادانہ، شفاف اور غیرجانبدارانہ انتخابات کو یقینی بنانا بنیادی آئینی تقاضا ہے۔اجلاس نے عزم کا اعادہ کیا کہ انتخابات کے وہ تمام لوازمات یقینی بنائے جائیں جن کے نتیجے میں انتخابات کے نتائج سب جماعتوں کو قابل قبول ہوں اور الیکشن کے نتیجے میں ملک کسی نئے سیاسی عدم استحکام سے دوچار نہ ہو جو ریاست کے معاشی وقومی مفادات کے لئے ناقابلِ تلافی نقصان کا باعث بنے۔

اسلام آباد (خبرنگار خصوصی+ اے پی پی+ نوائے وقت رپورٹ) وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے ملک گیر سولرائزیشن منصوبے پر کام کی رفتار کو تیز کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان جیسا ترقی پذیر ملک مہنگے درآمدی ایندھن سے بجلی کی پیداوار کا متحمل نہیں ہو سکتا، سولر پینلز کی مرحلہ وار درآمد کو یقینی بنایا جائے تاکہ سستی بجلی کی فراہمی ممکن ہو سکے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کو ملک گیر سولرائزیشن منصوبے پر پیشرفت کے اعلی سطحی جائزہ اجلاس کی صدارت کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ وزیر اعظم نے سٹیٹ بنک اور متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ سولر پینلز اور اس سے منسلک آلات کی درآمد کی راہ میں حائل رکاوٹوں کو فوری طور پر دور کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ کم لاگت شمسی بجلی کی پیداوار سے ایندھن کی مد میں خرچ ہونے والے قیمتی زرمبادلہ کی بچت ہوگی، شمسی توانائی سے بجلی کے صارفین کو سستی بجلی کی فراہمی ممکن ہو سکے گی۔ انہوں نے ہدایت کی کہ وفاقی سرکاری عمارتوں کی سولرائزیشن کے منصوبے پر پیشرفت کو مزید تیز کیا جائے۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ 17 سرکاری عمارتوں کا ٹینڈر جاری کر دیا گیا ہے جس کیلئے بِڈز موصول ہو چکی ہیں، ان بِڈز کی تکنیکی جانچ آج مکمل کر لی جائے گی۔ وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ ہماری سیاست ڈھانچہ جاتی نقائص کا شکار ہے۔ سیاست کے میدان میں اپنے شہریوں کی خدمت کا مقابلہ کرنا چاہئے۔ بدھ کو ایک ٹویٹ میں وزیراعظم نے کہا کہ بدقسمتی سے سیاست کو خود غرضی پر مبنی اور بے معنی بیان بازی سے جوڑ دیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ میرے نزدیک صرف خدمت کو ترجیح ہونی چاہئے۔ سیاست ایک ایسا میدان ہے جہاں لوگ اپنے شہریوں کی خدمت کیلئے مقابلہ کریں۔ وزیر اعظم محمد شہباز شریف سے وزیرِ دفاع خواجہ محمد آصف نے ملاقات کی۔ وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق ملاقات میں موجودہ ملکی سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر وزیر دفاع نے وزیرِاعظم کو وزارت سے متعلق امور پر تفصیلی بریفنگ دی۔ وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف سے عوامی نیشنل پارٹی کے رہنما ایمل ولی خان اور جواد خٹک نے ملاقات کی۔ بدھ کو وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق اس موقع پر وفاقی وزیر برائے اقتصادی امور سردار ایاز صادق اور وفاقی وزیر تعلیم رانا تنویر حسین بھی موجود تھے۔ ملاقات میں موجودہ ملکی سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیراعظم محمد شہباز شریف سے وزیر تجارت سید نوید قمر نے یہاں ملاقات کی ہے۔ سید نوید قمر نے ملاقات میں سیالکوٹ چیمبرکی طرف سے ترکیہ اور شام کے زلزلہ متاثرین کےلئے قائم وزیراعظم فنڈ کےلئے 80 لاکھ روپے کا چیک پیش کیا۔ وزیراعظم محمد شہباز شریف نے عمان کے سلطان ہیثم بن طارق بن تیمور آل سعید سے ٹیلی فونک رابطہ کیا اور ان کو عیدالفطر کے پرمسرت موقع پر مبارکباد دی۔ بدھ کو وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم محمد شہباز شریف نے عمان کے سلطان ہیثم بن طارق بن تیمور آل سعید کو ٹیلی فون کیا اور عید الفطر کے پرمسرت موقع پر نیک تمناو¿ں کا اظہار کیا۔ وزیراعظم نے پاکستان اور عمان کے مابین برادرانہ تعلقات، بالخصوص سٹرٹیجک، اقتصادی اور تجارتی شعبوں میں تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے حوالے سے بے پناہ امکانات کو اجاگر کیا۔ وزیر اعظم شہباز شریف نے کویت کے وزیر اعظم شیخ احمد نواف الصباح کو ٹیلی فون کر کے عید الفطر کی مبارکباد دی ہے اور تاریخی برادرانہ تعلقات کو باہمی طور پر فائدہ مند اقتصادی روابط میں تبدیل کرنے کی خواہش کا اعادہ کیا ہے۔ وزیراعظم میڈیا آفس سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے دونوں ممالک کے درمیان تاریخی برادرانہ تعلقات کا ذکر کرتے ہوئے پاکستان کی جانب سے انہیں باہمی طور پر فائدہ مند اقتصادی تعلقات میں تبدیل کرنے کی خواہش کا اعادہ کیا۔ وزیر اعظم محمد شہباز شریف کی قیادت میں وفاقی حکومت ملک کے نوجوانوں کی بڑی تعداد کو بااختیار بنانے کے لیے بڑے پیمانے پر اقدامات پر عمل پیرا ہے جس کا مقصد نوجوانوں کو مختلف شعبہ جات میں اپنے جوہر دکھانے اور ملک کے مستقبل کی تشکیل کے لیے صلاحیتوں کو بروئے کار لانے کے مواقع فراہم کرنا ہے۔ وزیراعظم کے ویژن کے تحت وفاقی حکومت نے نوجوان نسل کو بااختیار بنانے اور انہیں جدید تعلیم سے آراستہ کرنے کے لیے 15 میگا پروگرامز کی نقاب کشائی کرتے ہوئے وزیراعظم یوتھ ڈویلپمنٹ انیشئیٹوز کا آغاز کیا تھا۔ اقوام متحدہ کے ترقیاتی پروگرام (یو این ڈی پی) کی رپورٹ کے مطابق اس وقت ملک کے 64 فیصد افراد کی عمر 30 سال سے کم ہے اور 29 فیصد پاکستانیوں کی عمریں 15 سے 29 سال کے درمیان ہیں۔ پاکستان میں اب پہلے سے کہیں زیادہ نوجوان ہیں، اور کم از کم 2050 تک اس میں اضافہ ہونے کی پیش گوئی کی گئی ہے۔ اس اہم عنصر کو مدنظر رکھتے ہوئے، وفاقی حکومت نے نوجوانوں کو بااختیار بنانے کے لیے 150 ارب روپے کے وزیراعظم یوتھ ڈویلپمنٹ پیکج کا آغاز کیا۔ وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ حکومت کسانوں کی فی ایکڑ لاگت کم کرنے کیلئے ہر ممکن اقدام کر رہی ہے۔ ملک میں یوریا کی بروقت پیداوار اور اس کی کسانوں تک ترسیل یقینی بنائی جائے، یوریا سمگلنگ سے کسی کو کسانوں کے حق پر ڈاکہ ڈالنے نہیں دوں گا۔ نیلم جہلم منصوبے کی بحالی پر کام کی رفتار مزید تیز کی جائے۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار بدھ کو یہاں ملک میں یوریا کھاد کی پیداوار و کھپت اور موسم گرما میں بجلی کی لوڈشیڈنگ کے حوالے سے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی، وفاقی وزراء طارق بشیر چیمہ، مخدوم سید مرتضی محمود، خرم دستگیر خان، وزیرمملکت ڈاکٹر مصدق ملک، مشیرِ وزیر اعظم احد خان چیمہ، معاونینِ خصوصی جہانزیب خان، طارق باجوہ اور متعلقہ اعلی حکام نے شرکت کی۔ وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کارنیٹ ڈی پیسج سکیم کے تحت لائی جانے والی اور غیر قانونی زیر استعمال لگژری گاڑیاں فوری ضبط کرنے کے احکامات جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ سکیم کے غیر قانونی اور ناجائزاستعمال اور غفلت کے مرتکب اہلکاروں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار کارنیٹ ڈی پیسجز سکیم کے تحت لائی گئی گاڑیوں کے معینہ مدت سے زائد اور غیر قانونی استعمال کا سخت نوٹس لیتے ہوئے اسلام آباد میں ایک خصوصی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں ملک میں لگژری گاڑیوں کے داخلے اور اخراج کے طریقہ کار پر بریفنگ دی گئی۔ وزیراعظم محمد شہباز شریف نے پاکستان کڈنی اینڈ لیور انسٹیٹیوٹ (پی کے ایل آئی) میں جدید ترین روبوٹک سرجری کے آغاز پر مسرت کا اظہار کرتے ہوئے اس سہولت کے آغاز پر ڈاکٹرز اور عوام کو مبارکباد دی ہے۔ بدھ کو اپنے بیان میں وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا کہ الحمدللہ پاکستان میں جگر اور گردے کے علاج کا جو بیج بویا تھا اس نے پھل دینا شروع کر دیا ہے۔ پی کے ایل آئی بنانے کا بنیادی مقصد اہل وطن کو ملک کے اندر ہی جگر اور گردے کے جدید ترین علاج کی سہولت دینا تھا۔ اس سہولت کے آغاز سے پاکستان میں مریضوں کو جگر اور گردوں کے ورلڈ کلاس علاج کی مقامی سطح پر سہولت میسر آ گئی ہے۔ وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت مسلم لیگ ن اور اتحادی رہنما¶ں کا اجلاس ہوا۔ ذرائع کے مطابق حکومتی قانونی ٹیم اور مشیروں نے بھی شرکت کی۔ سیاسی جماعتوں کے درمیان مذاکرات کے حوالے سے امور پر مشاورت کی گئی۔ سپریم کورٹ میں الیکشن سے متعلق کیس کی سماعت پر غور کیا گیا۔ وزیراعظم شہباز شریف نے دورہ سعودی عرب منسوخ کر دیا۔ ذرائع کے مطابق وزیراعظم نے سپریم کورٹ میں الیکشن کیس کی سماعت کے باعث دورہ منسوخ کیا۔ وزیراعظم نے آج سعودی عرب روانہ ہونا تھا۔ وزیراعظم کی سعودی عرب میں نواز شریف سے ملاقات بھی ہونا تھی۔ 

ای پیپر دی نیشن

آج کی شخصیت۔۔۔۔ جبار مرزا 

جب آپ کبھی کسی کے لیے بہت کچھ کہنا چاہ رہے ہوتے ہیں لفظ کہیں بھاگ جاتے ہیں ہمیں کوئی ایسے الفظ ملتے ہی نہیں جو اس شخصیت پر کہہ ...