خرطوم واشنگٹن (نوائے وقت رپورٹ+ شنہوا + این این آئی+ اے پی پی) سوڈان میں جاری لڑائی کے نتیجے میں دارالحکومت خرطوم اور اطراف کے شہروں کے ہسپتال زخمیوں سے بھر گئے ہیں۔ تازہ جھڑپوں کے بعد سوڈانی میڈیکل ایسوسی ایشن نے زور دیا کہ ملک میں انسانی صورت حال تباہ کن ہو گئی ہے۔ عالمی برادری زخمیوں کو بچانے کے لیے مداخلت کرے۔ عالمی ادارہ صحت نے سوڈان میں صحت کے اہلکاروں، صحت کی سہولیات اور ایمبولینسوں پر مبینہ حملوں کی شدید مذمت کی ہے۔ امریکی وزیر خارجہ انتھونی بلنکن نے سوڈان میں امریکی سفارتی قافلے پر فائرنگ کی مذمت کی ہے۔ سوڈان میں مسلح افواج اور پیرا ملٹری فورس کے درمیان جھڑپوں کے دوران امریکی سفارتی قافلے پر فائرنگ کا واقعہ پیش آیا ہے۔ سیز فائر ختم ہو گیا۔ گولیاں پاکستانی سفارتخانے کو لگیں۔ پاکستانی سفارتخانے کے ترجمان نے ٹوئٹر پر بیان میں کہا کہ 3 گولیاں سفارتخانے کی عمارت کو لگیں۔ سفارتی عملے کو سکیورٹی دینا سوڈان حکومت کی ذمہ داری ہے۔ سفارتخانے پر فائرنگ ویانا کنونشن کی خلاف ورزی ہے۔ لڑائی میں تقریباً 270 افراد ہلاک اور 2 ہزار 600 سے زائد زخمی ہو چکے ہیں جبکہ اب بھی شہر بھر میں فائرنگ اور دھماکوں کی آوازیں سنی جا رہی ہیں۔ ہسپتالوں کو طبی عملے اور سامان کی قلت کے علاوہ بجلی کی بندش‘ بجلی پیدا کرنے والے جنریٹرز کے لئے ایندھن کی قلت‘ پانی کی کمی سمیت صحت کے کارکنوں اور ایمبولینسوں کے لئے چیلنجز پیدا کرنے اور مزید جانوں کو خطرے میں ڈالنے والے دیگر عوام کا بھی سامنا ہے۔ ہزاروں افراد سوڈان سے نقل مکانی کر گئے۔
سوڈان