راولپنڈی(اے پی پی)وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ سابق حکومت نے دوسرے منصوبوں کی طرح ہسپتالوں کوبھی نظر انداز کئے رکھا،عوامی خدمت ، تعلیم اور صحت کے شعبوں میں سیاست نہیں ہونی چاہئے،انسانیت کی خدمت اور مریضوں کو علا ج کی سہولیات مہیا کرنا بہت بڑی عبادت ہے،ان خیالات کا اظہار انہوں نے راولپنڈی انسٹی ٹیوٹ آف یورالوجی اینڈ ٹرانپلانٹیشن کے افتتاح کے بعد گفتگوکرتے ہوئے کیا، وزیراعظم نے کہا یورالوجی انسٹی ٹیوٹ کا معائنہ کیا ہے اور اس بات کی خوشی ہے کہ اس کے پہلے مرحلے میں باقاعدہ طور پر مریضوں کے بہترین علاج کاآغاز ہورہا ہے، یہاں پر دی جانے والی سہولیات سے مطمئن ہوں، اس ہسپتال کی بنیاد 2009ءمیں رکھی گئی تھی،2013ء کے بعد ہم نے اس کےلئے فنڈز مہیا کئے ، اب تک تقریباً5 ارب روپے خرچ ہوچکے ہیں، اس ہسپتال کو دکھی انسانیت کے علاج کےلئے اپنا کردار اد ا کرنا چاہئے تھا لیکن سابق حکومت نے باقی منصوبوں کی طرح اس ہسپتال کو بھی نظر انداز کئے رکھا لیکن کورونا کے دوران اس ہسپتال نے بے پناہ خدمات انجام دیں، انہوں نے کہا کہ ہم پی کے ایل آئی کو اپنے پاﺅں پر کھڑا کرنے کی کوشش کررہے ہیں۔ ممتاز معالج ڈاکٹر سعید اختر امریکا سے میرے کہنے پر لاکھوں ڈالر تنخواہ چھوڑ کر مریضوں کی خدمت کےلئے پاکستان آئے تھے اور میں نے انہیں کہا تھا کہ گردے کے ساتھ ساتھ جگر کی پیوند کاری کا بھی ہسپتال میں انتظام ہونا چاہئے ، اس سے پہلے پنجاب حکومت اربوں روپے خرچ کرکے گردوں اور جگر کے مریضوں کو علاج کےلئے ہندوستان اور چین بھجواتی تھی۔ وزیراعظم نے کہا کہ پی کے ایل آئی میں چاروں صوبوں، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیرکے مریضوں کو بھی مفت پیوند کاری کی سہولت دی گئی ہے، انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ(ن) کے قائد اور سابق وزیراعظم محمد نواز شریف کی قیادت میں صوبہ بھرکے ہسپتالوں میں جدید سہولیات فراہم کی گئیں۔
وزیراعظم
پاکستان بھر سے گردوں کے مریضوں کی مفت پیوند کاری کی جائیگی : وزیراعظم
Apr 20, 2023