کراچی (کامرس رپورٹر)پاکستان سٹاک ایکسچینج میں مسلسل تیسرے دن بھی کاروبار حصص میں تیزی کا رجحان غالب رہا اور ٹریڈنگ کے دوران انڈیکس 40500پوائنٹس کی حد عبور کر گیا تھا تاہم انڈیکس میں 51پوائنٹس کااضافہ ہوا اور مارکیٹ 40400پوائنٹس کی سطح پر ہی بند ہوئی۔ مارکیٹ کے سرمائے میں 6ارب سے زائد کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا جبکہ56.70فیصد حصص کی قیمتیں بھی بڑھ گئیں۔پاکستان سٹاک مارکیٹ میں بینکنگ،ٹیلی کام، پٹرولیم سمیت دیگر شعبوں میں خریداری کی وجہ سے مارکیٹ میں تیزی کے اثرات غالب رہے تاہم سیاسی افق پر چھائی غیر یقینی صورتحال اور معاشی ابتری کے خدشات پر محدود پیمانے پر سرمایہ کاری دیکھی گئی مارکیٹ میں کاروبار کا اختتام مثبت زو ن میں ہوا۔پاکستان سٹاک مارکیٹ میں گزشتہ روز 100انڈیکس میں 51.29پوائنٹس کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا جس سے انڈیکس 40448.05پوائنٹس سے بڑھ کر40499.34پوائنٹس پر بند ہوا جبکہ 30انڈیکس 15.15پوائنٹس کے اضافے سے 15080.43 پوائنٹس سے بڑھ کر 15095.58پوائنٹس پر جا پہنچا جبکہ حصص میں8 کروڑ 41 لاکھ شیئرز کے سودے ہوئے جن کی مالیت 3 ارب 62 کروڑ روپے رہی۔ اسی طرح مارکیٹ کیپٹلائزیشن 6 ارب روپے اضافے سے 6 ہزار 142 ارب روپے رہی۔