برسلز‘ برلن (آئی این پی) نیٹو کے سیکرٹری جنرل جیمز سٹولٹنبرگ نے کہا ہے نیٹو ہتھیاروں کے کنٹرول کے لیے اپنی تیاریوں میں وسعت لانے اور متعلقہ سربراہان کے ساتھ رابطے کو برقرار رکھنے کے لیے پرعزم ہے۔ واشنگٹن میں نیٹو کانفرنس سے بذریعہ ویڈیو لنک خطاب کرتے ہوئے کہا کہ روس ہماری سلامتی کے لیے سب سے بڑا براہ راست خطرہ ہے لیکن عالمی سلامتی کا ماحول عام طور پر پریشان کن ہے۔ نیٹو ان نئی ٹیکنالوجیز کو فوجی میدان میں ذمہ داری کے شعور کے ساتھ استعمال کرنے کے لیے مشترکہ عالمی معیار کو فروغ دینے میں پر عزم ہے۔ نیٹو اسلحہ سازی کے کنٹرول کے حوالے سے اپنی ذمہ داریوں کو نبھانے میں اٹل ہے اور میثاق اس مقصد کے تحت عالمی سطح پر اپنے شراکت دارو ں کے ساتھ قریبی رابطے میں ہے۔ جرمنی نے پیٹریاٹ فضائی دفاعی سسٹم اور میزائل یوکرائن کے حوالے کر دیئے ہیں۔ علاوہ ازیں جرمنی نے یوکرائن کو 16عدد 'زیٹروس ٹرک' اور 2عدد بارڈر ڈیفنس گاڑیاںبھی فراہم کی ہیں۔ واضح رہے کہ جرمن حکومت، یکم جنوری 2022ء سے 17اپریل 2023ء تک کے عرصے میں، یوکرائن کو 2 ارب 70 کروڑ یورو مالیت کا اسلحہ اور فوجی ساز و سامان فراہم کر چکی ہے۔ برطانیہ کی شاہی اور جرمن فضائیہ کے یورو فائٹر اور ٹائیفون قسم کے جنگی طیاروں نے خلیج فن لینڈ اور بحیرہ بالٹک پر دو روسی جنگی اور ایک جاسوس طیاروں کو آگے بڑھنے سے روک دیا۔
روس ہماری سلامتی کیلئے براہ راست خطرہ ہے: نیٹو
Apr 20, 2023