حکومت جتنے مرضی مقدمے بنا لے‘ انکوائریاں کرا لے‘ عمران کیساتھ رہیں گے: پرویز الٰہی

لاہور‘ گجرات (نوائے وقت رپورٹ + نامہ نگار) مرکزی صدر پاکستان تحریک انصاف چودھری پرویزالٰہی نے کہا ہے کہ حکومت جتنے مرضی مقدمے بنالے، انکوائریاں کرا لے، عمران خان کا ساتھ نہیں چھوڑیں گے۔ سابق وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الٰہی سے سابق سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری افضل ساہی نے ملاقات کی۔ ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے چودھری پرویز الٰہی نے کہا کہ عمران خان اس وقت پاکستانی قوم کی واحد امید ہیں۔ برف پگھل چکی ہے امریکہ کو بھی اپنی غلطی کا احساس ہو گیا ہے۔ پی ڈی ایم کی خام خیالی ہے کہ وہ اب عمران خان کا راستہ روک سکتی ہے، حکومت کے منفی پروپیگنڈے سے عالمی برادری میں پاکستان کا امیج خراب ہو رہا ہے۔ شہباز شریف حکومت کے ملک دشمن بیانیے سے صرف بھارت کو فائدہ پہنچ رہا ہے، یہ بھارت کا بیانیہ ہے کہ پاکستان دنیا کا "خطرناک ترین" ملک بن چکا ہے۔ سابق وزیراعلیٰ پنجاب اور پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی صدر چودھری پرویز الٰہی سے سابق وفاقی وزیر چودھری وجاہت حسین، سابق ایم پی ایز چودھری خالد اصغر گھرال، چودھری شجاعت نواز اجنالہ اور ڈاکٹر شاہنواز اجنالہ نے ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی ۔ ملاقات میں گجرات کی موجودہ سیاسی صورتحال سمیت آئندہ الیکشن کے حوالے سے لائحہ عمل مرتب کیا گیا۔ چودھری پرویز الٰہی نے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ شہباز شریف حکومت کی باغیانہ روش قومی سلامتی کیلئے خطرہ بن چکی ہے۔ رانا ثناء اللہ کی کوئی اوقات نہیں، وہ نواز شریف اور شہباز شریف کے کہنے پر عدلیہ کو دھمکیاں دے رہے ہیں۔ الیکشن کی تاریخ پر آل پارٹیز کانفرنس کی باتیں ابھی صرف ہوائی ہیں۔

ای پیپر دی نیشن