لاہور (نوائے وقت رپورٹ+نمائندگان) وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی کی خصوصی ہدایت پر صوبے بھر میں گندم کی غیر قانونی نقل و حمل اور چینی کے ذخیرہ اندوزوں کے خلاف کارروائیاں جاری ہیں۔ لاہور ڈویژن میں اب تک 2649میٹرک ٹن گندم پکڑی گئی۔ مختلف انسپیکشنز کے دوران 128 گاڑیوں کو گندم کی غیرقانونی منتقلی میں ملوث پایا گیا۔ قصور نے گندم سمگلنگ کرنے والوں کیخلاف کریک ڈاؤن کرتے ہوئے‘3225من گندم کی سمگلنگ ناکام بنا دی۔ ضلع ننکانہ صاحب میں ابتک گندم کی منتقلی کرنے والوں سے 28ہزار 02سو سے زائد تھیلے برآمدکیے جا چکے ہیں۔ محکمہ خوراک ساہیوال نے ڈویژن بھر میں 4مختلف جگہوں پر گندم کی غیر قانونی کھیپ اضلاع سے باہر لے جانے والوں کے خلاف کارروائی کی جس دوران 38میٹرک ٹن گندم قبضہ میں لے کر قریبی سنٹرز پر منتقل کر دی گئی۔ حکومت پنجاب کی ہدایت پر سیالکوٹ ضلعی انتظامیہ کا چینی کے ذخیرہ اندوزی کے خلاف کامیاب کریک ڈاؤن جاری ہے۔ یکم اپریل سے جاری کارروائیوں میں 4550بوری چینی برآمد کر لی گئی۔ ضلعی انتظامیہ اور حساس اداروں نے چینی مافیا کے خلاف کریک ڈاؤن کر کے ڈی بلاک میں تاجر کے گودام سے 700 بوری چینی برآمد کر لی۔ ادھر خانیوال میں ضلعی انتظامیہ نے گندم کی سمگلنگ کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے گندم کی تین ہزار چھ سو بوریاں وہاڑی منتقل کرنے کی کوشش ناکام بنا دی ہے۔ مظفرگڑھ کی تمام تحصیلوں کے اسسٹنٹ کمشنرز بھی فیلڈ میں خصوصی کارروائیاں کر رہے ہیں۔ رواں ماہ کے دوران ضلع مظفرگڑھ اور ضلع کوٹ ادو میں 83 دکانوں کا معائنہ کیا گیا، جس کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے 3 لاکھ 65 ہزار روپے جرمانہ کیا گیا۔ ادھر لودھراں میں نگران حکومت پنجاب کی ہدایات کے مطابق ذخیرہ اندوز عناصر کے خلاف کارروائیاں کرتے ہوئے 13ہزار459 گندم کے بیگز سرکاری تحویل میں لئے گئے ہیں جبکہ چینی کے ذخیرہ اندوز عناصر کو 73ہزار روپے کا جرمانہ عائد کرنے کے ساتھ ساتھ 17 افراد کو گرفتار بھی کیا گیا ہے۔ گزشتہ دو روز کے دوران تحصیل ٹوبہ ٹیک سنگھ اور گوجرہ میں 3گودام سیل کر کے 4130بیگ چینی بحق سرکار ضبط کئے گئے۔گزشتہ تین ہفتے کے دوران ڈویژن بھر میں غیرقانونی نقل و حرکت کے خلاف کارروائیوں میں 50کلوگرام وزن گندم کے 50ہزار تھیلے قبضے میں لیے گئے۔ ضلع بہاول پور میں گزشتہ تین ہفتے کے دوران 50کلو گرام گندم کے 22329 تھیلے قبضے میں لے کر 30ایف آئی آر کا اندراج کیا گیا ہے جبکہ ضلع رحیم یارخان میں گزشتہ تین ہفتے کے دوران 50کلوگرام کے 26100 گندم کے تھیلے قبضے میں لے کر 19ایف آرز درج کی گئی ہیں۔
ذخیرہ اندوزوں کیخلاف کریک ڈاؤن، گندم، چینی کی ہزاروں بوریاں برآمد
Apr 20, 2023