اسلام آباد (اپنے سٹاف رپورٹر سے ) پیشی کیلئے لائے گئے ملزم کو فائرنگ کر کے قتل کر دیا گیا۔ واقعہ ضلع کچہری میں پیش آیا، جہاں ایک ملزم کو عدالت میں پیشی کے بعد بخشی خانہ لے جایا جا رہا تھا کہ ایک شخص نے فائرنگ کر دی۔ فائرنگ کے باعث ملزم جاں بحق ہو گیا جبکہ قاتل کو پولیس نے موقع پر ہی اسلحے سمیت گرفتار کر لیا۔ مقتول زاور چارسدہ کا رہائشی تھا اور اس پر تھانہ کورال میں 2 مقدمات درج تھے۔ مقتول ملزم زاور کو چوری اور تشدد کرنے کے الزام میں گرفتار کیا گیا تھا۔ فائرنگ کرنے والے ملزم کی شناخت سلمان کے نام سے ہوئی ہے اور اس کی مقتول سے رشتہ داری تھی۔ آئی جی اسلام آباد ڈاکٹر ناصر خان نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے سی پی او سکیورٹی کو معاملے کی انکوائری کر کے رپورٹ دینے کا حکم دے دیا۔