کوئٹہ (نیٹ نیوز) پاکستان تحریک انصاف کے سینئر نائب صدر اور سابق ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی قاسم سوری نے کہا ہے کہ مردم شماری میں کوئٹہ کی آبادی کو 17 فیصد کم کر دیا گیا ہے۔ پریس کانفرنس کرتے ہوئے قاسم سوری نے کہا کہ ملک بھر میں مردم شماری ہو رہی ہے۔ بلوچستان کی آبادی میں 47 فیصد اضافہ ہوا مگر کوئٹہ کی آبادی 17 فیصد کم کر دی گئی ہے۔ ایسی مردم شماری اور اس کے نتائج ہم کسی صورت تسلیم نہیں کریں گے۔ مزید کہا کہ سپریم کورٹ نے پنجاب میں انتخابات کا حکم دیا ہے جبکہ حکومت سکیورٹی سمیت مختلف وجوہات کا بہانہ بنا کر انتخابات سے فرار ہونے کی کوشش کر رہی ہے۔ عدالت نے سیاسی جماعتوں کو مل بیٹھ کر مشاورت کرنے کا کہا ہے جو ایک اچھی روایت ہے۔ مزید کہا لندن پلان کے ذریعے پی ٹی آئی کے رہنماؤں کو گرفتار کیا جا رہا ہے۔