نئی دہلی(این این آئی) انڈین نیشنل کانگریس نے کہا ہے کہ پلوامہ حملے کے بارے میں بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں و کشمیر کے سابق گورنر ستیہ پال ملک اور سابق آرمی چیف شنکر رائے چودھری کے بیانات سے یہ واضح ہو گیا ہے کہ یہ حملہ بد انتظامی اور انٹیلی جنس کی ناکامی کا نتیجہ تھا لہذا مودی حکومت کو اس حملے کے سلسلے میں وائٹ پیپر جاری کرنا چاہیے۔ کشمیر میڈیا سروس کے مطابق کانگریس رہنمائوں شکتی سنگھ گوہل، ریٹائرڈ کرنل روہت چودھری اور ریٹائرڈ ونگ کمانڈر انوما اچاریہ نے نئی دلی میں کانگریس کے صدر دفتر پر منعقدہ مشترکہ پریس کانفرنس میں کہا کہ حکومت کو بتانا چاہئے کہ کیا یہ حملہ حکومت کی بد انتظامی اور انٹیلی جنس کی ناکامی کا نتیجہ تھا۔اسے یہ بھی بتانا چاہیے کہ جوانوں کو زمینی راستے کے بجائے ہوئی راستے کے ذریعے کیوں نہیں لے جایا گیا اور سکیورٹی کی خامی میں سی آر پی ایف، وزارت داخلہ، وزارت دفاع، قومی سلامتی کے مشیر اور وزیر اعظم کے دفتر کا کیا کردار تھا۔انہوں نے کہاکہ اس حملے کے حوالے سے انٹیلی جنس، سکیورٹی اور انتظامی ناکامیوں کا احتساب کرنے کے لیے حکومت کو وائٹ پیپر شائع کرنا چاہیے جس میں یہ واضح کیا جائے کہ پلوامہ میں 78 گاڑیوں کے قافلے پر14 فروری 2019 کو کیے گئے حملے میں ہمارے 40 اہلکار کیسے مارے گئے۔