کراچی: کراچی کے شہری تیار ہوجائیں کیونکہ کے الیکٹرک نے نیپرا میں بجلی مزید مہنگی کرنے کی درخواست دائر کردی ہے۔کے الیکٹرک کی جانب سے نیپرا کو بجلی کی قیمت میں اضافے کی درخواست ماہانہ فیول چارجز ایڈجسٹمنٹ کی مد میں دی گئی ہے.کے الیکٹرک نے بجلی کی فی یونٹ قیمت میں 4 روپے 49 پیسے اضافے کی درخواست دی ہے۔نیپرا میں کے الیکٹرک کی درخواست پر 3 مئی کو سماعت ہوگی. منظوری کی صورت میں صارفین پر 6 ارب 63 کروڑ روپے کا بوجھ پڑے گا۔اس سے قبل نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) نے اپریل کے مہینے کے لئے کے الیکٹرک (کے ای) کے صارفین کے لیے 0.58 روپے فی یونٹ اضافے کی منظوری دی تھی۔نوٹیفکیشن میں بتایا گیاتھا کہ کے الیکٹرک کے صارفین کے لیے بجلی کے نرخوں میں اضافے کا اطلاق صرف اپریل کے بلوں پر ہوگا، جبکہ بجلی کے نرخوں میں اضافے کا اطلاق لائف لائن صارفین اور گاڑیوں کے چارجنگ اسٹیشنز پر نہیں ہوگا۔