روس کے ساتھ معاملات طے پاگئے ہیں:مصدق ملک

اسلام آباد: وزیر مملکت برائے پیٹرولیم مصدق ملک کا کہنا ہے کہ پاکستان نے روس سے رعایتی تیل کا پہلا آرڈر جاری کردیا ہے۔وزیر مملکت برائے پیٹرولیم مصدق ملک نے خبر رساں ایجنسی سے گفتگو میں کہا کہ روس کے ساتھ معاملات طے پاگئے ہیں. پاکستان کو صرف روسی خام تیل ملے گا. ریفائنڈ تیل نہیں ملے گا۔وزیر مملکت برائے پیٹرولیم کا کہنا تھا روس کی جانب سے رعایتی تیل کا پہلا کارگو مئی میں پاکستان پہنچے گا. روس کے ساتھ ٹرانسپورٹیشن اور انشورنس کے تمام معاملات طے ہوچکے ہیں. لیکن تیل خریدنے کے لیے ڈسکاؤنٹ ریٹ ظاہر نہیں کیا جا سکتا۔مصدق ملک نے کہا کہ روس سے حاصل خام تیل پاکستان ریفائنری لمیٹڈ میں ریفائن ہو گا. پاکستان کا یومیہ ایک لاکھ بیرل روسی تیل درآمد کرنے کا منصوبہ ہے۔

خیال رہے کہ روس کے وزیر توانائی نکولے شولگینوف نے جنوری میں ایک وفد کی قیادت میں اس معاہدے پر بات چیت کے لیے اسلام آباد کا دورہ کیا تھا، جس کے بعد انہوں نے کہا تھا کہ پاکستان کو روسی تیل کی برآمد مارچ کے بعد شروع ہوسکتی ہے۔وزیر خزانہ اسحٰق ڈار نے گزشتہ برس اعلان کیا تھا کہ پاکستان رعایتی نرخوں پر روس سے تیل خریدنے پر غور کر رہا ہے. انہوں نے کہا تھا کہ پڑوسی ملک بھارت بھی روس سے تیل خرید رہا ہے. لہذا پاکستان کو بھی اس موقع سے استفادہ کرنے کا حق حاصل ہے۔

بعدازاں مصدق ملک تیل اور گیس کی سپلائی سمیت دیگر مسائل پر بات چیت کے لیے ماسکو گئے تھے جس کے بعد حکومت نے اعلان کیا تھا کہ وہ روس سے خام تیل، پیٹرول اور ڈیزل کی رعایتی نرخوں پر خریداری کرے گی۔

ای پیپر دی نیشن