پاکستان ہاکی فیڈریشن کے سیکرٹری جنرل اولمپیئن رانا مجاہد علی خان کہتے ہیں کہ قومی کھیل کی بہتری کے لیے سب کو متحد ہو کر کام کرنے کی ضرورت ہے۔ حکومت کی حمایت ہمارے ساتھ ہے اور پی ایچ ایف کے صدر میر طارق بگٹی کی موجودگی میں فیڈریشن کے لیے حکومتی فنڈز کا مسئلہ نہیں ہو گا۔ فیڈریشن کے صدر کوشش کر رہے ہیں کہ کھلاڑیوں کے لیے آسانی ہو انہیں مالی مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے، ہاکی پلیئرز معاشی مشکلات سے آزاد ہو کر کھیل کے میدان میں اتریں۔ ہم نے اذلان شاہ ہاکی ٹورنامنٹ کے لیے دنیائے ہاکی کے نامور کوچ رولینٹ آلٹیمنز کی خدمات بھی حاصل کی ہیں۔ ہم یہ بھی چاہتے ہیں کہ اپنے کوچز کی صلاحیتوں میں بھی اضافہ ہو۔فیڈریشن کے دروازے سب کے لیے کھلے ہیں۔ ہم قومی کھیل کی بہتری کے لیے سب کو خوش آمدید کہتے ہیں۔ پاکستان ہاکی میں متوازی فیڈریشن بنانے کی کوشش کرنے والوں کے ساتھ قوانین کے مطابق سلوک ہو گا۔ ہم نے اسلام آباد میں کیمپ شروع کر دیا ہے۔ چاہتے ہیں کہ کھلاڑیوں کو ہر طرح کی سہولیات فراہم کی جائیں، دنیا پاکستان کی ہاکی کو دوبارہ عروج پر دیکھنا چاہتی ہے۔ قومی کھیل کو دوبارہ ماضی والے بہترین مقام پر لے جانے کے لیے حکومت کو بجٹ میں فنڈز مختص کرنا ہوں گے۔ حکومت میں تبدیلی سے پاکستان ہاکی کے پروگرام کو فرق نہیں پڑنا چاہیے۔ جب تک مالی طور پر حکومتی سرپرستی نہیں ہو گی کھیل ترقی نہیں کر سکتا۔ بھارت میں یہی حکمت عملی اختیار کی گئی جس کے بعد وہاں ہاکی نے ترقی کی۔ ہمیں اپنے کھلاڑیوں کو بھر قومی و بین الاقوامی سطح پر مصروف رکھنے کے لیے کام کرنا ہے۔ کھلاڑیوں کی تعداد بڑھانے پر کام کرنا ہے۔ کراچی میں لگنے والے کیمپ میں جن محکموں کے کھلاڑیوں اور کوچز نے شرکت کی ہے انہیں محکموں کی طرف خط لکھے جا چکے ہیں۔ کراچی میں لگنے والا کیمپ ملک کے ہاکی پلیئرز کو گمراہ کرنے کی کوشش ہے۔ ہمارے ای میل اکاونٹس جن لوگوں نے ہیک کر رکھے ہیں ان کے خلاف ایف آئی اے میں جائیں گے۔ ہمارے انتخابات قانون اور آئین کے مطابق ہوئے ہیں۔ پاکستان سپورٹس بورڈ، پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن کے نمائندوں نے شرکت کی تھی۔ وفاقی وزارت بین الصوبائی رابطہ احسن اقبال نے بھی میر طارق بگٹی کی صدارت میں کام کرنے والی ہاکی فیڈریشن کی حمایت کر دی ہے اس کے بعد یہ بحث تو نہیں رہتی کہ حکومت کس ہاکی فیڈریشن کے ساتھ ہے۔ میں ہمیشہ جمہوری عمل کا حمایتی رہا ہوں۔ گذرے کئی برسوں میں کبھی کسی کے کام میں مداخلت نہیں کی۔ ہاکی فیملی سے تعلق رکھنے والوں سے ہمیشہ احترام کا رشتہ رہا ہے۔ لوگ سمجھتے ہیں کہ رانا مجاہد بہتر کام کر سکتے ہیں تو ان کے جذبات کی قدر کرتا ہوں۔ آج ہمیں متحد ہو کر اس کھیل کی بہتری کے لیے کام کرنا ہے۔ میری طرف سے سب کو دعوت ہے کسی کے پاس بھی کوئی اچھا پروگرام ہے وہ ضرور لے کر آئے۔ ہاکی کا معیار بلند کرنے کی ہر ممکن کوشش کریں گے۔
قومی کھیل کی بہتری کیلئے سب کو متحد ہو کر کام کرنے کی ضرورت ہے
Apr 20, 2024