لاہور(نیوز رپورٹر) صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق نے آپریشن تھیٹرز پر جاری پیش رفت کا جائزہ لینے کیلئے پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی کا دورہ کیا۔صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق نے زیر تکمیل موڈیولر تھیٹرز کا دورہ کرکے جاری پیش رفت کا جائزہ لیا۔اس موقع پر سی ای او پی آئی سی پروفیسر ڈاکٹر انجم جلال، ایم ایس پی آئی سی ڈاکٹر سید محسن علی شاہ اور کنٹریکٹرز موجود تھے۔ خواجہ سلمان رفیق نے کہا 23 اپریل تک تمام موڈیولر تھیٹرز فعال ہونے کی پوری امید ہے۔ موڈیولر تھیٹرز کے مکمل فعال ہونے کے بعد روزانہ کی بنیاد پر 15 سے 20 سرجریز کی صلاحیت بڑھ جائے گی۔ دریں اثناء صوبائی وزیر محکمہ صحت و ایمرجنسی سروسز پنجاب خواجہ سلمان رفیق سے محکمہ سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن میں نیشنل سنٹر فار ہیلتھ کیئر ورکرز یو ایس اے کے وفد نے ملاقات کی۔ عثمان خالد، ڈاکٹر علی رزاق اور حسنات احمد موجود تھے۔ وفد میں شہاب تنویر، ایاز راؤ، صائمہ ندیم، سلیم زعفران، محمد سکندر علی جرال، رشدہ لودھی، ڈاکٹر رضوان، پروفیسر مقصود و دیگر نے شرکت کی۔ صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق اور وفد کے درمیان نظام صحت کی بہتری کیلئے جدید اصلاحات، شعبہ نرسنگ کی بہتری اور صحت کارڈ سمیت دیگر امور پر تبادلہ خیال ہوا۔