طلبہ کے مستقبل سے کھیلنے والا بوٹی مافیا 2 ،2 سال کیلئے جیل جائے گا:وزیرتعلیم 

لاہور(لیڈی رپورٹر) وزیر تعلیم پنجاب رانا سکندر حیات نے کہا ہے کہ ہمارے اقدامات سے بوٹی مافیا تقریباً غائب ہو چکا ہے۔ اب نقل مافیا کو اپنی من مانی نہیں کرنے دی جائے گی۔ طلبہ کے مستقبل سے کھیلنے والا بوٹی مافیا 2 ،2 سال کیلئے جیل جائے گا۔ اس مرتبہ انٹر امتحانات کو ہر ممکن طریقے سے شفاف بنایا گیا ہے۔ انٹرمیڈیٹ امتحان میں بہتری نظر آئے گی اور زیرو چیٹنگ ہوگی۔ چھوٹے امتحانی مراکز میں اب امتحان نہیں ہوا کریں گے جبکہ پرائیویٹ انویجیلیٹرز کو بھی مکمل طور پر بین کر دیا گیا ہے۔ رانا سکندر حیات نے نقل مافیا کیخلاف جہاد جاری رکھنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ بوٹی مافیا کیخلاف ناقابل ضمانت دفعات شامل کر دی ہیں۔ گرفتار عناصر کو سزا کے ساتھ ساتھ بھاری جرمانہ بھی ہوگا۔ جلد امتحانی مراکز میں کیمرے بھی نصب کر دئیے جائیں گے۔ طلبہ کے مستقبل سے کسی کو نہیں کھیلنے کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔ طلبہ اور والدین نقل مافیا کے خلاف کسی شکایت کی صورت میں 03160261506 یا 03160261408 پر رابطہ کر سکتے ہیں۔

ای پیپر دی نیشن