امیر العظیم سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی مقرر، شوریٰ اجلاس میں سیاسی صورتحال کا جائزہ

 لاہور؍ اسلام آباد  (نوائے وقت رپورٹ+ اپنے سٹاف رپورٹر سے) امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن نے مرکزی مجلس شوریٰ کے اجلاس کے پہلے روز شوریٰ سے مشاورت کے بعد امیر العظیم کو جماعت اسلامی کا سیکرٹری جنرل مقرر کیا ہے، جبکہ پہلے مرحلے میں لیاقت بلوچ، میاں محمد اسلم، ڈاکٹر عطاء الرحمن اور ڈاکٹر اسامہ رضی کو نائب امراء جماعت  اسلامی مقرر کر دیا ہے،  مشاورت کا عمل مکمل ہونے کے بعد مزید نائب امراء  اور ڈپٹی سیکرٹری جنرل کا تقرر کیا جائے گا۔ ترجمان جماعت اسلامی قیصر شریف نے کہا ہے کہ جماعت اسلامی کی مرکزی مجلس شوری کا اجلاس جمعہ کو شروع ہوا،  مزید دو روز جاری رہے گا۔ اجلاس میں سالانہ رپورٹس پیش کی جائیں گی اور جائزہ لیا جائے گا۔ مجالس قائمہ اور کمیٹیوں کی رپورٹس بھی پیش ہوں گی، شوریٰ اجلاس میں اہم قومی ایشوز پر قراردادوں کی منظوری بھی دی جائے گی۔ اجلاس میں موجودہ سیاسی صورت حال کا جائزہ لیا  گیا ۔ امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان آئندہ کے لائحہ عمل کا اعلان کریں گے۔ دوسری جانب مسلم لیگ ن کے سینئر رہنما اور سینٹ میں پارلیمانی پارٹی لیڈر سینیٹر عرفان صدیقی نے حافظ نعیم الرحمن کو جماعت اسلامی کے امیر کی حیثیت سے جماعت کی باگ ڈور سنبھالنے پر مبارکباد دی ہے۔ اپنے تہینیتی پیغام میں سینیٹر عرفان صدیقی نے کہا کہ جماعت اسلامی ملک کی اہم جماعت ہے جس نے سیاست میں جمہوری قدروں کو فروغ دیا ہے۔

ای پیپر دی نیشن