9 مئی مقدمات، گواہوں کی شہادتیں قلمبند، مزید آئندہ پیشی پر طلب 

Apr 20, 2024

سرگودھا (نمائندہ خصوصی) انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت نے میانوالی میں 9 مئی کو توڑ پھوڑ اور ہنگامہ آرائی کے درج 2 مقدمات کی سماعت کرتے ہوئے گواہوں کی شہادتیں قلم بند کر کے مزید گواہ آئندہ پیشی پر طلب کر لیے۔ ذرائع کے مطابق  مقدمات میں پی ٹی رہنما امجد خان نیازی سمیت دیگر ملزموں کو پولیس نے سخت سکیورٹی میں انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت سرگودھا میں پیش کیا جہاں فاضل عدالت نے مقدمہ 348/23میں 12 شہادتیں قلمبند کیں  اور دوسرے مقدمہ 355/23 میں تمام شہادتیں مکمل کرلیں اور مزید سماعت ملتوی کر دی۔ اس مقدمہ میں پیش سابق رکن قومی اسمبلی امجد خان نیازی کے وکیل جواد مظہر دھون نے کہا کہ جیل میں بند امجد خان نیازی کو ایک مقدمہ میں نامزد جبکہ دوسرے میں تمیمہ بیان کے ذریعے شامل کردیا گیا۔ اور اپوزیشن لیڈر عمر ایوب خان، ایم پی اے پی پی 86 امین اللہ خان، ایم پی اے پی پی 87 ملک احمد خان بھچر، سابق ایم این اے احسان اللہ ٹوانہ ضمانت پر ہیں جبکہ امیر سوانسی سمیت جیل میں بند افراد عدالتوں میں ان کیسوں کا سامنا کررہے ہیں۔ ان دونوں مقدمات میں پی ٹی آئی کے رہنماؤں اور سینکڑوں کارکنان کو ملوث کیا گیا۔ لیکن مجھے امید ہے کہ عدالت ہمیں انصاف دے گی اور جیلوں  اسیران رہا ہوں گے۔

مزیدخبریں