کراچی: بھیک مانگنے پر حدود کا تنازعہ‘ خاتون بھکاری عدالت پہنچ گئی، درخواست مسترد

کراچی(نیٹ نیوز) بھکاریوں کا بھیک مانگنے کی حدود پر تنازعہ عدالت پہنچ گیا۔ ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ میں خاتون بھکاری نے تین بھکاریوں کے خلاف مقدمہ دائر کرنے کی درخواست کی جس پر عدالت نے فیصلہ سنایا۔ عدالت نے خاتون بھکاری کی درخواست کو مسترد کرتے کہا کہ بھیک مانگنے والا معاملہ انتہائی دکھی کرنے والا ہے، پتا نہیں کونسی ایسی مجبوری ہے جو فریقین بھیک مانگنے پر مجبور ہوتے ہیں۔ عدالت نے کہا  عدالت مجبور لوگوں کے جذبات کی قدر کرتی ہے لیکن کوئی ایسا فیصلہ نہیں کرسکتی جس کی مانگ غیرقانونی ہو۔ عدالت نے اپنے فیصلے میں مزید کہا کہ مجبوری اپنی جگہ لیکن بھیک مانگنے کیلئے جگہ مختص نہیں کی جاسکتی۔ عدالت امید کرتی ہے کہ لوگوں کی مشکلات کم ہوں، دونوں فریقین کیلئے دعا ہے کہ ان کی مشکلات کم ہوں۔ پولیس کے مطابق درخواست گزار خاتون سعودآباد میں فٹ پاتھ پر بھیک مانگتی تھی، تین دیگر بھکاریوں نے خاتون کو جگہ چھوڑنے کا کہا اور خاتون بھکاری نے پولیس میں ہراساں کرنے کی درخواست دائر کی تھی تاہم پولیس نے مقدمہ دائر کرنے سے انکار کر دیا تھا۔  پولیس کے انکار کے بعد درخواست گزار امیر خاتون نے تین بھکاریوں شفیع، نذیر اور میر گل کے خلاف عدالت میں درخواست دائر کی تھی۔

ای پیپر دی نیشن