گوجرانوالہ+ کامونکی (نمائندہ خصوصی) بیساکھی فیسٹیول میں شرکت کیلئے بھارتی سکھ یاتری گوردوارہ روہڑی صاحب ایمن آباد پہنچ گئے۔ ڈپٹی کمشنر طارق قریشی نے، ایس ایس پی آپریشنز فراز احمد، اسسٹنٹ کمشنر صدر کے ہمراہ ان کا پُرتپاک کا استقبال کیا۔ بیساکھی میلہ کی تقریبات گزشتہ روز سے شروع ہو چکی ہیں جس میں شرکت کے لئے ملکی، بھارت اور دنیا بھر سے سکھ یاتریوں کی آمد کا سلسلہ جاری ہے۔ مہمانوں نے ضلعی انتظامیہ اور پولیس کی طرف سے سکیورٹی و انتظامی امور اور پرتپاک استقبال پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں یہاں آکر اپنے گھر کی طرح کا تحفظ میسر ہے۔ تین ہزار کے قریب سکھ یاتری واہگہ بارڈر سے حسن ابدال کے لیے روانہ ہوں گے۔ مہمانوں کیلئے حکومت پاکستان نے تین ٹرینز چلائیں ۔ محکمہ اوقاف کی طرف سے کھانے پینے کا انتظام بھی کیا گیا۔ انڈیا سے آئے اڑھائی ہزار مردوخواتین سکھ یاتریوں نے گوردوارہ روہڑی صاحب ایمن آباد کی یاترا کی۔ بھارت سے آئے دو ہزار پانچ سو مردوخواتین سکھ یاتری تین ٹرینوں پر موڑ ایمن آباد ریلوے سٹیشن پہنچے جہاں پر پولیس کے اعلی حکام اور ضلعی انتظامیہ نے سکھ مہمانوں کا پھولوں کی پتیاں نچھاور کرکے استقبال کیا۔ بعدازاں سخت سکیورٹی میں سکھ یاتریوں کو سٹیشن سے خصوصی بسوں کے ذریعے گوردروارہ روہڑی صاحب لیجایا گیا جہاں پر انہوں نے عقیدت و احترام سے اپنی مذہبی رسومات ادا کیں۔ بعدازاں انہیں ٹرینوں پر دوبارہ لاہور بھیجا گیا۔
بیساکھی میلہ، تقریبات شروع، گوردوارہ روہڑی صاحب کی یاترا: گھر جیسا تحفظ ملا، سکھ یاتری
Apr 20, 2024