خواہش ہے سعودی کمپنیوں کی تربیت کیلئے پنجاب سے آئی ٹی ماہرین بھیجیں: مریم نواز

 لاہور (نوائے وقت رپورٹ) وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف سے ڈیجیٹل کوآپریشن آرگنائزیشن (DCO) کی سیکرٹری جنرل دیمہ ال یحییٰ نے ملاقات کی۔ دیمہ ال یحییٰ نے وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف کو پہلی خاتون وزیر اعلیٰ منتخب ہونے پر مبارکباد دی۔ وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے کہا کہ پنجاب سے سعودی کمپنیوں کو تربیت یافتہ آئی ٹی افرادی قوت فراہم کرنے کے خواہاں ہیں۔ سعودی عرب کے اعلیٰ ٹیک انکیوبیٹرز کے ساتھ سٹارٹ اپ ایکسچینج پروگرام قائم کرنا چاہتے ہیں۔ پاکستان اور سعودی عرب چپ بنانے کی صنعت، لیتھیم آئن بیٹریوں، الیکٹرک گاڑیوں کے شعبے میں ملکر کام کرسکتے ہیں۔ دونوں ملکوں کو زراعت اور کان کنی کی ٹیکنالوجیز پر کام کرنے کے لیے مزید تعاون بڑھانے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ خواتین کو ڈیجیٹل معیشت سے فائدہ اٹھانے کے قابل بنانے کیلئے پرعزم ہوں۔ لاہور میں جدید آئی ٹی سٹی بنانے جا رہے ہیں۔ مریم نواز شریف نے کہا کہ آئی ٹی اینڈ ٹیک ڈسٹرکٹ، ایجوکیشن سٹی، فلم سٹی، کمرشل اور رہائشی علاقے تعمیر کئے جائیں گے۔ دیمہ ال یحییٰ نے ITCN کے 24ویں ایڈیشن کی لاہور میں میزبانی پر وزیر اعلیٰ کو مبارکباد دی۔ سیکرٹری جنرل ڈی سی او دیمہ ال یحییٰ نے کہا کہ انفارمیشن ٹیکنالوجی کامرس نیٹ ورک (ITCN) کی میزبانی سے پاکستان میں آئی ٹی انڈسٹری کو فروغ ملے گا۔ سعودی عرب نے ڈی سی او کا آغاز  ٹیکنالوجی میں تعاون اور ڈیجیٹل معیشت کی ترقی کو تیز کرنے کے لیے کیا تھا۔  دریں اثناء  پاکستان کے سب سے بڑا اور پہلے آئی ٹی سٹی میں 16 چینی کمپنیوں نے دلچسپی کا اظہار کیا ہے جبکہ چین کی آٹھ کمپنیاں نواز شریف آئی ٹی سٹی میں فوری طور پر کام کرنے کے لئے تیار ہیں۔ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی زیر صدارت خصوصی اجلاس  ہوا جس میں نواز شریف آئی ٹی سٹی کے پراجیکٹ پر پیشرفت کا جائزہ لیا گیا۔ سی ای او سی بی ڈی عمران امین نے چین میں روڈ شوز پر رپورٹ پیش کی۔ اجلاس میں سنگا پور، انگلینڈ، ابو ظہبی اور دیگر ملکوں میں بھی آئی ٹی سٹی کے لئے روڈ شوز  کرنے کا فیصلہ کیا گیا جبکہ ملک بھر میں بھی نواز شریف آئی ٹی سٹی کے لئے رواں ماہ سے اگست تک روڈ شوز منعقد کیے جائیں گے۔ وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے آئی ٹی سٹی کے لئے دنیا کی بہترین آرکیٹکچرل کمپنیز کی خدمات حاصل کرنے کی ہدایت کی۔ نواز شریف آئی ٹی سٹی میں بزنس کال سنٹرز کے لئے دو ٹاورز مختص کرنے کی تجویز کا بھی جائزہ لیا گیا۔ وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے نواز شریف آئی ٹی سٹی پراجیکٹ مقررہ مدت میں مکمل کرنے کی ہدایت کی  سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب، سینیٹر پرویز رشید، ایم پی اے ثانیہ عاشق، سنٹرل بزنس ڈسٹرکٹ پنجاب کے سی او او بریگیڈئر (ر) منصور جنجوعہ اور دیگر حکام نے اجلاس میں شرکت کی۔

ای پیپر دی نیشن