بانی رہنما تحریک انصاف عمران خان کا کہنا ہے کہ پاکستان میں ریاستی نظام کا شیرازہ پوری طرح بکھر چکا ہے، جہاں ’جنگل کا بادشاہ‘ قانون کی حکمرانی کو جوتے کی نوک پر رکھتے ہوئےپوری ڈھٹائی سے اپنے ایجنڈے کی تکمیل میں مصروف ہے۔تفصیلات کے مطابق سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر اپنے پیغام میں سابق وزیر اعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ ججز کو ڈرانا دھمکانا، عام انتخابات پرڈاکہ ڈالنا اور پولیس تھانوں پر دھاوے بولنا کافی نہ تھا کہ نامعلوم افراد جو اب زیادہ نامعلوم بھی نہیں رہے، این اے-8 باجوڑ میں الیکشن آفس پرحملہ آور ہوئے ہیں۔قومی اسمبلی کے مذکورہ حلقے کے ریٹرننگ افسر کی جانب سے لکھے گئے مبینہ خط کی کاپی منسلک کرتے ہوئے اپنے پیغام میں عمران خان کا کہنا ہے کہ ’ نامعلوم افراد‘ نے توڑ پھوڑ کے ساتھ الیکشن عملے کو بھی وحشیانہ سلوک کا نشانہ بنایا ہے جس کی تفصیلات ریٹرننگ افسر نے اپنے خط میں قلمبند کی ہیں۔عمران خان نے کہا کہ اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ پاکستان میں ریاستی نظم کا شیرازہ پوری طرح بکھر چکا ہے اور ”جنگل کا بادشاہ“ یہاں قانون کی حکمرانی کوجوتے کی نوک پر رکھتے ہوئےپوری ڈھٹائی سے اپنے ایجنڈے کی تکمیل میں مصروف ہے۔عمران خان کے مطابق ستم ظریفی تو یہ ہے کہ اعلیٰ عدلیہ بظاہرکسی سازبازکے نتیجے میں اس لاقانونیّت میں ملوّث ہے یا اس کے خلاف اقدام کرنے سے بے حد خوفزدہ اورعاجزہے۔عمران خان نے مزید کہا ہے کہ “کل ہونے والے ضمنی الیکشن میں آپ نے ناصرف ووٹ ڈلوانے ہیں بلکہ ووٹ پر پہرہ بھی دینا ہے، ووٹ ڈلوا کر تب تک پولنگ سٹیشن پر رہیں جب تک پولنگ ایجنٹ کو فارم 45 نہ مل جائے۔ اس کے بعد ریٹرننگ افسر کے دفتر کے باہر پہنچیں اور جب تک ہمارے امیدواروں کو فارم 47 نہ ملے تب تک گھر نہ جائیں” بانی چئیرمین تحریک انصاف عمران خان نے پارٹی سپورٹرز اور ورکرز کے لیے ہدایات جاری کردیں۔