جنوبی پنجاب میں سیلاب کی تباہ کاریاں بدستورجاری، سو سے زائد مزید دیہات زیرآب، مظفرگڑھ کی تحصیل جتوئی میں بھی پانی داخل ہوگیا۔

جنوبی پنجاب میں سیلاب کی تباہ کاریاں بدستورجاری ہیں اور سو سے زائد مزید دیہات زیرآب آگئے، مظفرگڑھ کی تحصیل جتوئی میں بھی پانی داخل ہوگیا۔ دریائے سندھ کے سیلابی ریلے سے ضلع مظفرگڑھ کے نوربند میں پانی کی سطح میں مسلسل اضافہ ہورہا ہے۔ خان گڑھ کے علاقے میں مزید درجنوں دیہات زیر آب آگئے ہیں جبکہ نواحی علاقوں کلروالی، مسو شاہ، روہیلانولی اور موچی والی میں چھ سے دس فٹ تک سیلابی پانی کھڑا ہے۔ اُدھرمظفرگڑھ کے متاثرین کے کیمپوں میں اشیائے خوردونوش کی شدید قلت ہے اور رمضان المبارک میں بھی فاقوں پرمجبور ہیں۔ دوسری طرف ضلع راجن پورمیں روجھان کا اسی فیصد علاقہ زیر آب آچکا ہے۔ ڈیرہ غازی خان کا زمینی رابطہ بحال نہ ہونے کی وجہ سے انتظامیہ کو متاثرین کی بحالی میں مشکلات کا سامنا ہے۔ اُدھر لیہ اور میانوالی کے متاثرہ علاقوں میں پانی کی سطح کم ہونے کے باوجود امدادی سرگرمیاں سست روی کا شکار ہیں اوران اضلاع میں گیسٹرو اور جلدی امراض پھیل رہے ہیں۔

ای پیپر دی نیشن