سیلاب متاثرین کو بھرپور امداد فراہم کریں گے، ناامید نہیں ہوئے، نیا پاکستان بنائیں گے۔ ، صدرآصف علی زرداری، پاکستان میں سیلاب پوری دنیا کیلئے چیلنج ہے۔ امریکی سینیٹرجان کیری

اسلام آباد میں صدر آصف علی زرداری کے ہمراہ ایک مشترکہ پریس کانفرنس کے دوران امریکی سینیٹر جان کیری کا کہنا تھا کہ امریکہ پہلے بھی سیلاب زدگان کی بھرپور مدد کر رہا ہے، تاہم اب ہم نے کیری لوگربل کی مد میں سے دس کروڑ ڈالر سیلاب زدگان کی بحالی کیلئے مختص کرنےکا فیصلہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ سیلاب زدہ علاقوں کا دورہ کرکے آئے ہیں اور وہاں انہوں نے بہت تباہی دیکھی ہے، امریکہ امداد کیلئے دنیا میں اپنا اثر و رسوخ استعمال کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ  اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس میں سیکرٹری جنرل کی رپورٹ کی روشنی میں امریکی وزیر خارجہ ہیلری کلنٹن سیلاب زدگان کیلئے جلد ہنگامی امداد کا اعلان کریں گی۔ اس موقع پر صدر آصف علی زرداری نے کہا کہ پاکستان کے دوست ممالک اوراسلامی دنیا تیزی سے پاکستان کی امداد کررہی ہے،وہ چند گھنٹے کیلئے روس گئے تھے، روس نے بھی انھیں مدد کا یقین دلایا ہے۔ ایک غیرملکی صحافی کے سوال پر انہوں نے کہا کہ ملک میں پبلک اکاونٹس کمیٹی کا چیئرمین اپوزیشن سے لیا ہے اور آڈیٹر جنرل کا تقرر بھی اپوزیشن کے مشورے سے کیا ہے،اس کے علاوہ بینظیرانکم سپورٹ پروگرام جیسی اربوں روپے کی سکیم شفاف طریقے سے چلائی جا رہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ زلزلہ زدگان کی بحالی کا اسی فیصد کام مکمل ہوچکا ہے۔اس سے قبل صدرزرداری نے سینیٹر جان کیری کے ہمراہ سیلاب سے متاثرہ علاقوں کا فضائی جائزہ لیا۔

ای پیپر دی نیشن