پھولنگر + گوجرانوالہ + سادھوکے (نامہ نگاران) پھولنگر میں 3 سہیلیاں، سادھوکے اور گوجرانوالہ میں 3 بچے نہاتے ہوئے ڈوب کر جاں بحق ہوگئے۔ تفصیلات کے مطابق پھول نگر واپڈا کی لاپرواہی سے ایک ہی محلہ کے تین گھروں میں صفِ ماتم بچھ گئی۔ الحیات اسٹیڈیم بستی کی تین سہیلیاں بارش مےں نہاتے ہوئے بجلی کے پول کے لئے کھودے گئے گہرے گڑھے میں ڈوب کر جاں بحق ہوگئیں۔ محنت کشوں امانت علی، فضل الٰہی اور محمد اکبر کی بیٹےاں دس سالہ فائقہ، آٹھ سالہ ملائکہ اور سات سالہ ثانیہ قریبی کھیتوں میں کھڑے بارش کے پانی میں نہا رہی تھیں۔ اچانک وہاںپر موجود ایک عرصہ سے واپڈا کی جانب سے میں تار کو اونچا کرنے کی غرض سے پول لگانے کے لےے کھودے گئے بارہ فٹ گہرے گڑھے میں چلی گئیں اور ڈوب کر موقع پر ہی جاں بحق ہو گئیں۔ پتہ چلنے پر اہل محلہ کے نوجوانوں نے انہیں باہر نکالا تو وہ دم توڑ چکی تھیں، نعشیں جب ساتھ ساتھ واقع گھروں میں پہنچیں تو دل کو ہلا دینے والی چیخ و پکار سے وہاں پر موجود نہ صرف ہر آنکھ اشکبار ہو گئی بلکہ واقعہ سے پورا علاقہ سوگ میں ڈوب گےا۔ اہل محلہ نے اس المناک واقعہ کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ سے اس غفلت کے مرتکب ذمہ داروں کے خلاف کاروائی کی اپیل کی ہے۔ سادھوکے کے گاﺅں مرالی والا کا 10سالہ ابوہریرہ اور 8 سالہ مسیب علی گھر کے قریب واقع تالاب مےں نہا رہے تھے کہ گہرے پانی مےں چلے گئے تیسرے بچے زوہیب علی کو بچا لیا گیا، دونوں کی نعشیں نکال لی گئیں۔ موضع پپلی والا کے قریب محنت کش لال حسین کی 6 سالہ بیٹی عائشہ کھیلتے ہوئے پاﺅں پھسل جانے سے نہر مےں گر گئی، اندھیرا ہونے کی وجہ سے بچی کا بروقت سراغ نہ لگایا جاسکا تاہم 3گھنٹے کی تگ و دو کے بعد نعش مل گئی۔