عید کے بعد نئی صف بندی: نوازشریف لیگوں کے اتحاد کی کوششیں کرینگے

Aug 20, 2012

اسلام آباد+لاہور (محمد نواز رضا+ساجد ضیا/دی نیشن رپورٹ) عیدالفطر کے بعد ملک میں سیاسی جماعتوں کی نئی صف بندی کی جائے گی۔ حکومتی اتحاد اور اپوزیشن جماعتیں عام انتخابات کی تیاریاں شروع کر دیں گی۔ وزیراعظم راجہ پرویز اشرف نے حکومتی اتحاد میں شامل جماعتوں کو عام انتخابات کی تیاریاں شروع کرنے کا عندیہ دیا ہے۔ جبکہ مسلم لیگ (ن) کے صدر محمد نواز شریف جو 24 اگست کو سعودی عرب سے وطن واپس آرہے ہیں اگلے ہفتے کے اواخر میں پارٹی کا اعلیٰ سطح کا اجلاس بلانے کا فیصلہ کیا ہے۔ میاں نواز شریف سعودی عرب سے واپسی کے بعد سندھ کا طوفانی دورہ کریں گے اور پیپلز پارٹی مخالف سیاسی جماعتوں کو (ن) کے پلیٹ فارم پر اکٹھا کریں گے۔ سندھ کے دورے کے دوران میاں نواز شریف کی پیر صاحب پگارا صبغت اﷲ سے ملاقات کا امکان ہے۔ راجہ محمد ظفر الحق اور سندھ مسلم لیگ (ن) کے صدر سید غوث علی شاہ‘ پیر صاحب پگارا سے ابتدائی مذاکرات کر چکے ہیں۔ مسلم لیگ (ن) اور فنکشنل کے درمیان انتخابی اتحاد کا قوی امکان ہے۔ نواز شریف سندھ کے دورے کے بعد بلوچستان اور خیبر پی کےبھی جائیں گے۔ نواز شریف کی وطن واپسی پر ذوالفقار علی کھوسہ سے مفاہمت ہو جائے گی۔ مسلم لیگ (ن) کی طرف سے پنجاب کے دو نئے صوبوں کی تشکیل کے لئے قائم کردہ پارلیمانی کمشن پر تحفظات کے اظہار کے بعد کمشن کا اجلاس ملتوی ہونے کا امکان ہے۔ سپیکر پنجاب اسمبلی اس وقت تک کمشن کے لئے دو ارکان نامزد نہیں کریں گے جب تک وفاقی حکومت کمشن کی ہئیت ترکیبی پر مسلم لیگ (ن) کے اعتراضات و تحفظات دور نہیں کرتی۔ وزیراعظم راجہ پرویز اشرف کے رابطوں کے باوجود آنے والے دنوں میں اپوزیشن لیڈر چودھری نثار علی خان سے ملاقات کا کوئی امکان نہیں۔ تاہم چودھری نثار علی خان اپوزیشن جماعتوں سے رابطے شروع کریں گے اور نگران وزیراعظم کے لئے ناموں پر اتفاق رائے پیدا کرنے کی کوشش کریں گے۔ دی نیشن رپورٹ کے مطابق مسلم لیگ (ن) نے عیدالفطر کے بعد کا اپنا ایجنڈا طے کر لیا ہے۔ ان معاملات میں صوبوں کے قیام کا کمشن، جلد انتخابات، مسلم لیگوں کا اتحاد، گرینڈ اپوزیشن اتحاد، سردار ذوالفقار کھوسہ اور کیپٹن (ر) صفدر کے معاملات شامل ہیں الیکشن سے قبل پارٹی کی بنیاد کو وسیع تر بنانے کیلئے رابطے کئے جائینگے۔

مزیدخبریں