اسلام آباد (اے پی پی)سپریم کورٹ نے نیو اسلام آباد ائیر پورٹ کی تعمیر میں مبینہ گھپلوں کے حوالے سے مقدمہ میں واضح کیا ہے کہ عدالت نے اب تک ائیر پورٹ کی تعمیر کے خلاف نہ تو کوئی حکم امتناعی جاری کیا نہ کسی نے مانگا پھر ٹھیکیدار کیوں پریشان ہیں وہ معاہدوں کے مطابق اپناکام جاری رکھیں۔ پیرکو چیف جسٹس افتخار چوہدری کی سربراہی مین تین رکنی بینچ نے کیس کی مختصر سماعت کی اس موقع پر ایڈووکیٹ افتخار گیلانی نے پیش ہوکر عدالت کو بتایاکہ جن ٹھیکیداروں نے نیو اسلام آباد ائیر پورٹ میں کام کے حوالے سے کوئی ٹھیکہ لیا ہے وہ بہت پر یشان ہیں ان کے مطابق عدالت میں ان کے کیس چل رہے ہیں اور نہ جانے ان کا کیا بنے گا۔ چیف جسٹس نے کہا کہ عدالت نے تواس حوالے سے کوئی حکم جاری نہیں کیا کہ وہ کام روک دیں اور نہ کوئی حکم امتناعی دیا گیا ہے حتیٰ کہ کسی درخواست گزار نے حکم امتناعی مانگا تک نہیں۔