اسلام آباد (آئی این پی+نوائے وقت نیوز) وزیراعظم میاں محمد نواز شریف سے آرمی چیف جنرل اشفاق پرویز کیانی نے وزیراعظم ہائوس میں ملاقات کی‘ ملاقات کے دوران وزیراعلیٰ شہباز شریف بھی موجود تھے۔ ذرائع کے مطابق ملاقات میں ملک میں امن و امان کی مجموعی صورتحال‘ لائن آف کنٹرول پر کشیدگی اور خاص طور پر دہشت گردی کے خلاف جنگ‘ طالبان سے بات چیت کے معاملات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات میں وزیراعظم نے قوم سے اپنے خطاب میں شامل سکیورٹی امور پر بھی آرمی چیف سے مشاورت کی۔ ذرائع کے مطابق دہشت گردی کے خاتمہ کیلئے تیار کی جانے والی نئی قومی سکیورٹی پالیسی پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات میں دہشت گردی کی حالیہ لہر اور سکیورٹی پالیسی پر غور کیا گیا۔ وزیراعظم کی تقریر میں سکیورٹی امور کے نکات کو حتمی شکل دینے پر مشاورت کی گئی۔ ملاقات میں وزیراعلی پنجاب شہباز شریف بھی موجود تھے۔این این آئی کے مطابق آرمی چیف کی یہ ملاقات شیڈول کے بغیر ہوئی۔ جنرل کیانی نے وزیر اعظم کو بتایا کہ پاک فوج جنگ بندی کے معاہدے پر سختی سے کار بند ہے اور بھارتی فوج کی جانب سے کنٹرول لائن کی خلاف ورزی پر صرف جوابی کارروائی کی ہے ۔ ملاقات میں افغان صدر کے مجوزہ دورہ پاکستان کے حوالے سے بھی تبادلہ خیال کیا گیا ضمنی انتخابات میں حساس پولنگ سٹیشنز پر پاک فوج کی تعیناتی کے امور پر بھی مشاورت ہوئی۔ آرمی چیف نے سیلاب زدگان کیلئے بھرپور تعاون کی یقین دہانی کرائی۔