قومی اسمبلی: ایران گیس منصوبے پر کام شروع نہ کرنے‘ وزرا کی عدم حاضری پر اپوزیشن کا احتجاج

Aug 20, 2013

اسلام آباد (آن لائن + اے پی پی) پاکستان، ایران گیس پائپ لائن پر کام شروع نہ کرنے اور قومی اسمبلی میں وفاقی وزراءکی وقفہ سوالات میں عدم حاضری پر اپوزیشن نے شدید احتجاج کیا جبکہ شیخ رشید احمد ایوان سے واک آ¶ٹ کر گئے۔ قومی اسمبلی کا اجلاس 35 منٹ کی تاخیر سے شروع ہوا تو اس وقت حکومت اور اپوزیشن کی اگلی نشستیں خالی تھیں جبکہ سوالوں کے جوابات کیلئے صرف وزیر مملکت شیخ آفتاب اور جام کمال موجود تھے، زیادہ تر وزارتوں کے جوابات بھی شیخ آفتاب نے دیئے۔اس موقع پراپوزیشن کے اکثر ارکان نے اس معاملے پر سخت احتجاج کیا اور کہا وفاقی وزرا کی وقفہ سوالات میں حاضری یقینی بنائی جائے۔ شیخ رشید نے کہا وزیراعظم کے پاس سات وزارتیں ہیں اس میں سے چھ شیخ آفتاب کو دیدی جائیں ساری حکومت کا بوجھ انہوں نے ہی اٹھایا ہوا ہے۔ دیگر اپوزیشن ارکان نے مطالبہ کیا تمام سوالوں کے جواب شیخ آفتاب دے رہے ہیں کم ازکم ان کو وفاقی وزیر تو بنا دیا جائے۔ وقفہ سوالات کے دوران شیخ رشید کے سوال کے جواب میں وزیر مملکت عامر کمال نے ایوان کو بتایا ایران پاکستان گیس پائپ لائن منصوبہ 2014ءکے آخر تک مکمل کرنا ہے یکم جنوری 2015ءتک منصوبے پر کام شروع نہ ہوا تو یومیہ 30 لاکھ ڈالر جرمانہ ادا کرنا پڑے گا، حکومت سنجیدہ اور اس معاملے پر اقدامات اٹھا رہی ہے جبکہ اپوزیشن نے احتجاج کرتے ہوئے کہا ایران پاکستان گیس پائپ لائن پر حکومت حقائق سے آگاہ نہیں کر رہی ابھی تک کام شروع ہی نہیں کیا تو 2015ءسے قبل کیسے اس منصوبے پر عملدرآمد ہو گا۔ پی پی رکن نفیسہ شاہ کے سوال پر وزیر مملکت شیخ آفتاب نے ایوان کو بتایا پریشان حال اور محبوس خواتین کے لئے 1996ءمیں ایک فنڈ قائم کیا گیا لیکن بدقسمتی سے آج تک کسی بھی خاتون کو اس سے امداد نہیں دی گئی۔ پیپلز پارٹی کی رکن ڈاکٹر عذرا فضل پیچوہو کے سوال کے جواب میں وزیر مملکت برائے قدرتی وسائل جام کمال نے بتایا سندھ میں تیل و گیس ذخائر 137 مقامات پر ہیں۔ متحدہ کے رکن ساجد احمد کے سوال کے جواب میں شیخ آفتاب نے بتایا ایم نائن ( حیدر آباد، کراچی) پر ستمبر 2014ءمیں کام شروع کردیا جائے گا اور فیصل آباد ملتان موٹروے پر کام جاری ہے ۔ تحریک انصاف کے حامد الحق نے اعتراض اٹھایا اس وقت نیشنل ہائی وے اتھارٹی کا چیئرمین نہیں جبکہ سیلاب کے باعث مواصلات کا نظام درہم برہم ہے جس پر شیخ آفتاب نے ایوان میں وضاحت کی این ایچ اے کے چیئرمین نے چار روز قبل ہی اپنے عہدے کا چارج سنبھالا ہے۔ ایک اور سوال پر ایوان کو بتایا فیصل آباد گوجرہ موٹروے کو عام ٹریفک کیلئے اکتیس دسمبر تک کھول دیا جائے گا۔ جمعیت علمائے اسلام (ف) کی آسیہ ناصر کے سوال کے جواب میں وزیر مملکت قدرتی وسائل نے بتایا فی الوقت گیس کے نرخوں میں کوئی اضافہ نہیں ہورہا اس حوالے سے قیاس آرائیوں سے گریز کیا جائے۔ اے پی پی کے مطابق سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے حکومت کو ہدایت کی وہ سمندر پار پاکستانیوں کو ووٹ ڈالنے کے حق کے بارے میں تفصیلات ایوان کو فراہم کرے۔ سپیکر نے کہا یہ اہم سوال ہے اور اتنا مشکل بھی نہیں تھا اس کا جواب آنا چاہئے تھا۔ 

مزیدخبریں