اسلام آباد (آئی این پی+نامہ نگار) انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت کے جج عتیق الرحمن نے اسلام آباد واقعہ کے ملزم سکندر کی اہلیہ کنول کو7روزہ جسمانی ریمانڈ پر دیدیا۔ملزمہ کنول ویمن پولیس کی تحویل میں رہے گی۔تھانہ کوہسار کی پولیس ملزمہ سے تفتیش کر سکے گی۔ پیر کو تھانہ کوہسار پولیس نے کنول کو انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت میں کڑے پہرے میں پیش کیا۔ تفتیشی افسر عبدالرحمن نے عدالت سے استدعا کی کہ ملزمہ سے معلوم کرنا ہے کہ انکا ٹارگٹ کیا تھا۔ انہوں نے اسلحہ کس سے حاصل کیا یا اسلام آباد میں جائے وقوعہ تک اسلحہ کیسے لائے اور جائے وقوعہ سے انہوں نے کس کس سے رابطہ کئے۔ اسلئے ملزمہ کا سات یوم کا جسمانی ریمانڈ دیا جائے۔ انسداد دہشت گردی کی عدالت کے جج عتیق الرحمن نے پولیس کی استدعا کو منظور کرتے ہوئے کنول کا سات روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کرتے ہوئے اسے پولیس کے حوالے کر دیا ہے۔ دوران سماعت خصوصی عدالت کے جج نے کنول سے استفسار کیا کہ اسے پولیس سے تو کوئی شکایت نہیں جس پر ملزمہ نے جواب دیا اسے کوئی شکایت نہیں۔ علاوہ ازیں نجی ٹی وی کے مطابق کنول نے کہا اس نے جناح ایونیو میںاپنی اور بچوں کی جانیں بچانے کے خوف سے شوہر کے کہنے پر جو کہا عمل کیا کیونکہ اس کا شوہر غصے سے بدحواس ہو چکا تھا۔
سکندر کی بیوی کنول کا مزید 7 روزہ ریمانڈ ویمن پولیس کی تحویل میں رہے گی
Aug 20, 2013