انتخابی دھاندلیوں پر 4 ہزار صفحات کا وائٹ پیپر تیار، عمران کل جاری کرینگے

Aug 20, 2013

اسلام آباد(آئی این پی )پاکستان تحریک انصاف کے آئینی و قانونی ماہرین پر مشتمل فیکٹ فائنڈنگ ٹیم نے 11 مئی کے انتخابات میں مبینہ دھاندلیوں اور متعلقہ حکام کی غفلت کے حوالے سے 4 ہزار صفحات کا وائٹ پیپر تیار کر لیا جسے پارٹی چیئرمین عمران خان21 اگست کو اسلا م آباد میں پریس کانفرنس کے دوران جاری کریں گے وائٹ پیپر میں قومی و صوبائی اسمبلیوں کے25 سے زائد حلقوں میں مبینہ دھاندلیوں کی واضح نشاندہی کی گئی ہے۔ متعدد پریذائیڈنگ آفیسرز کی جانب سے جمع کرائے گئے رزلٹ پر مہریں اور اکثر مہر والے بیلٹ پیپر پرانگوٹھے کے نشانات نہ ہونے پر شدید تحفظات کا اظہار کیا گیا ہے۔ وائٹ پیپر میں ڈیرہ غازی خان کے حلقہ پی پی 244 میں 425 رجسٹرڈ ووٹرز والے پولنگ سٹیشن میں 908 ، راولپنڈی کے این اے 54 کے 521 ووٹرز والے پولنگ سٹیشن میں 901، سرگودھا کے این اے 68 میں 1510 رجسٹرڈ ووٹرز والے پولنگ سٹیشن پر 8 ہزار سے زائد ووٹ کاسٹ کئے گئے۔ وائٹ پیپر کے مطابق لاہور کے حلقہ این اے 125 کے پولنگ سٹیشن نمبرز 255, 124, 7, 57, 233, 253  اور 171 میں 100 فیصد ووٹ کاسٹ دکھائے گئے ہیں جو ممکن نہیں۔

مزیدخبریں