اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ) وزارت پانی و بجلی نے کراچی، کوئٹہ، فیصل آباد، اسلام آباد اور لاہور سمیت دیگر شہروں کے لئے بجلی کے نئے نرخوں کا شیڈول جاری کر دیا۔ گھریلو صارفین کے لیے بجلی اوسط 15 فیصد، کمرشل کیلئے 33 جبکہ صنعتوں کے لیے 56 فیصد مہنگی ہوجائے گی۔ وزارت پانی و بجلی حکام کے مطابق نرخوں کے نئے شیڈول کے مطابق 50 یونٹ استعمال کرنے والے گھریلو صارفین کے لیے بجلی کے نرخ 1 روپے 87 پیسے بڑھا کر 2 روپے فی یونٹ کردیئے گئے ، اس کے علاوہ 101 سے 300 یونٹ ماہانہ بجلی خرچ کرنے والے گھریلو صارفین کے لیے نرخ 6 روپے 86 پیسے سے بڑھا کر 8 روپے 11 پیسے کر دیئے گئے۔301 سے 700 یونٹس استعمال کرنے والوں کے لیے بجلی کا نرخ 11 روپے 8 پیسے سے بڑھا کر 12 روپے 33 پیسے ہوگئے۔ 700 یونٹس سے زائد بجلی خرچ کرنے والے گھریلو صارفین کے لیے نرخ 13 روپے 82 پیسے سے بڑھا کر 15 روپے 7 پیسے فی یونٹ کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ کمرشل صارفین کے لیے بجلی کے نرخ 13 روپے 52 پیسے سے بڑھا کر 18 روپے فی یونٹ ہوگئے جبکہ صنعتوں کے لیے بجلی کے نرخ 9 روپے 26 پیسے بڑھا کر 14 روپے 50 پیسے فی یونٹ کردیئے گئے۔ حکام کے مطابق نئے نرخوں کا نفاذ صنعتی اور تجارتی صارفین کے لیے یکم اگست سے کردیا گیا ہے جبکہ گھریلو صارفین کے لیے یکم اکتوبر سے بجلی کے نئے نرخوں کا اطلاق ہوگا۔
گھریلو صارفین کیلئے بجلی 15 فیصد مہنگی ہو گی، شیڈول جاری
Aug 20, 2013