اسلام آباد (آن لائن) قوم سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ میں نوجوانوں سے بھی کچھ باتیں کرنا چاہتا ہوں، میری انتخابی مہم کے دوران ان کا جو جوش و خروش سامنے آیا تھا میں کبھی اسے فراموش نہیں کر سکتا۔ میری خواہش ہے کہ نوجوانوں کو ملک کی ترقی و تعمیر میں کردار کے بھرپور مواقع ملنے چاہئیں۔ آپ ترقی میں عملی حصہ لیں۔ ایسی حکمت عملی بنانے کا فیصلہ کیا ہے کہ نوجوان اپنے پائوں پر کھڑے ہوں اور خود روزگار پیدا کریں۔ جلد آپ کے لئے پروگرام کا اعلان کروں گا جو حتمی مراحل میں ہے۔ عوام کو غربت اور پسماندگی کے شکنجے سے نکالنا چاہتا ہوں۔ اس کے لئے ہر خاندان میں ایک سے زیادہ افراد کمانے والے ہوں گے۔ ایک اور اچھی خبر بھی دینا چاہتا ہوں کہ ہم نے کم آمدنی والے خاندانوں کے لئے گھروں کی سکیم شروع کی۔ یہ سکیم پچھلے دور میں بھی شروع کی گئی تھی لیکن آنے والوں نے اسے ملیا میٹ کر دیا۔ چھت ہر ایک کا خواب ہوتا ہے اس خواب کو میں تعمیر سے آشنا کرنے کا اعلان کرتا ہوں۔ آئندہ پانچ سال میں لاکھوں بے گھر اور کم وسیلہ لوگ اپنے گھروں کے مالک بن جائیں گے۔ مالک اللہ بناتا ہے۔ انسان کوشش کرتا ہے اور میں بھی کوشش کرنے والوں میں شامل ہوں، اکتوبر میں اس کی تفصیلات کا اعلان کروں گا۔