مظفر گڑھ+ شاہ جمال (خبر نگار+ نوائے وقت رپورٹ) سابق وزیر خارجہ حنا ربانی کھر کے حلقہ سنانواں میں ایم این اے جمشید دستی پر حملہ کیا گیا اور پتھرائو کیا گیا جس کے باعث جمشید دستی کا سر پھٹ کر خون آلودہ ہو گیا۔ حملہ آور پکڑے گئے۔ انہوں نے دھنائی پر جرم کا اعتراف کرتے ہوئے بتایا کہ سابق ایم پی اے فاروق کھر اور کھر برادری کے دیگر افراد نے بھیجا تھا اور ہم جلسہ کے چاروں اطراف پتھرائو اور لال مرچ کے ساتھ حملہ کرنے کا منصوبہ بنا چکے تھے کہ پکڑے گئے۔ حملہ آوروں میں سابق تحصیل ناظم ملک رفیق کھر کا گن مین عاشق بھی شامل ہے۔ حملہ کے بعد جمشید دستی نے کہا کہ کھر برادری بوکھلاہٹ کا شکار ہے، اوچھے ہتھکنڈوں پر اتر آئی ہے۔ واضح ہو کہ جمشید دستی سنانواں میں اپنے بھائی کے انتخابی جلسے سے خطاب کر رہے تھے۔