ایشیا کپ ”مارویا مر جاﺅ“ کی حیثیت رکھتا ہے: ہیڈ کوچ‘ کپتان‘ قومی ہاکی ٹیم جیت کا عزم لئے کوالالمپور روانہ

لاہور (سپورٹس رپورٹر) نویں ایشیا کپ ہاکی ٹورنامنٹ کا ٹائٹل اور 2014ءکے عالمی کپ تک رسائی کا خواب لئے پاکستان ٹیم پیر اور منگل کی درمیانی شب ایم عمران کی قیادت میں کوالالمپور کے لیے روانہ ہو گئی۔ قومی ٹورنامنٹ سے قبل بنگلہ دیش کے خلاف ایک پریکٹس میچ میں بھی حصہ لے گی۔ نواں ایشیا کپ ہاکی ٹورنامنٹ 24 اگست سے یکم ستمبر تک ملائیشیا کے شہر ایپو میں کھیلا جائیگا جس میں 8 ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں جنہیں دو گروپس میں تقسیم کیا گیا۔ گروپ میں پاکستان، میزبان ملائیشیا، جاپان اور چین جبکہ گروپ بی میں کوریا، بھارت، اومان اور بنگلہ دیش شامل ہیں۔ پاکستان ٹیم ٹورنامنٹ میں اپنا افتتاحی میچ 24 اگست کو جاپان کے خلاف کھیلے گی۔ اس کا دوسرا میچ 25 اگست کو ملائیشیا جبکہ 27 اگست کو چین کے خلاف ہوگا۔ پاکستان ہاکی ٹیم کے ہیڈ کوچ اختر رسول نے کہا کہ ہمارے لئے یہ ٹورنامنٹ انتہائی اہمیت کا حامل ہے جس میں کامیابی کی صورت میں قومی ٹیم عالمی کپ 2014ءتک رسائی حاصل کرنے میں کامیاب ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ تربیتی کیمپ میں کھلاڑیوں کی خامیوں پر قابو پانے کے ساتھ ساتھ فزیکل فٹنس پر خصوصی توجہ دی گئی۔ انہوں نے کہا کہ ایشیا کپ جیت کو پوری قوم کا سر فخر سے بلند کرنے کا عزم رکھتے ہیں جس کے لئے قوم کی دعا¶ں کی بھی اشد ضرورت ہے۔ اختر رسول نے کہا کہ طاہر زمان اور اجمل لودھی کے ساتھ ساتھ کوچنگ پینل میں شامل گول کیپر کوچ ارشد حسین، نیوٹریشنر اولمپئن رانا غضنفر اور ڈاکٹر اسد عباس کی خدمات بھی حاصل تھیں جنہوں نے ٹیم کے کھلاڑیوں کے ساتھ سخت محنت کی۔ اﷲ سے دعا ہے کہ وہ ہماری ٹیم کو اس کی محنت کا پھل دے تاکہ قومی کھیل کا مستقبل روشن ہو سکے۔ دریں اثناءملائیشیا روانگی سے قبل لاہور ائرپورٹ پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے قومی ٹیم کے کپتان ایم عمران نے کہا کہ ایشیا کپ ہمارے لئے مارو یا مر جا¶ کی حیثیت اختیار کر گیا۔ ایونٹ میں شرکت کیلئے پوری تیاری کے ساتھ جا رہے ہیں۔ تمام شعبوں میں موجود خامیوں کو دُور کرنے کیلئے سب نے مل کر کام کیا ہے، ایشیا کپ جیت کر ہی واپس آئیں گے اور مارو یا مر جا¶ کے اصول کو مدنظر رکھتے ہوئے میدان میں اتریں گے۔

ای پیپر دی نیشن