سنگاپور (اے پی پی) ایشین کرکٹ کونسل ایمرجنگ ٹیمز کپ میں پاکستان انڈر 23 نے افغانستان کو دلچسپ مقابلے کے بعد دو وکٹوں سے شکست دے کر ایونٹ میں پہلی کامیابی حاصل کر لی۔ گرین شرٹس نے افغان ٹیم کی طرف سے دیا گیا 143 رنز کا ہدف 48.4 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کیا۔ جونیئر بلے بازوں نے بھی سینئرز کے نقش قدم پر چلتے ہوئے آسان ہدف کو مشکل بنا دیا اور آخری 17 رنز 5 وکٹیں کھو کر حاصل کئے۔ عمر وحید 43 اور عظیم گھمن 39 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔ تفصیلات کے مطابق پیر کو یہاں کالانگ گراﺅنڈ ، سنگاپور میں کھیلے گئے گروپ اے کے میچ میں پاکستان کے کپتان حماد اعظم نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔ افغانستان کی ٹیم 49.3 اوورز میں 142 رنز بناکر پویلین واپس لوٹ گئی۔ حشمت اللہ شاہدی نے سب سے زیادہ 52 رنز بنائے اور آﺅٹ نہیں ہوئے۔ دیگر بلے بازوں میں کپتان محمد نبی 21 اور اصغر سٹینکزئی 18 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔ محمد شہزاد 6 ، نورز مینگل 3 ، سمیع اللہ شنواری صفر، کریم صادق 4 ، گلبدین نبی 8 ، حمزہ ہوٹک صفر ، حامد حسن چار اور عزت اللہ دولتزنئی 11 رنز بنانے کے بعد آﺅٹ ہوئے۔ پاکستان کی جانب سے رضا حسن نے تین، محمد نواز اور عثمان قادر نے دو، دو جبکہ احسان عادل اور بلاول بھٹی نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔ جواب میں پاکستان نے ہدف 48.4 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا۔ عمر وحید 43 ، عظیم گھمن 39، بابر اعظم 28 اور محمد نواز 16 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔ افغانستان کی جانب سے حمزہ ہوٹک، حامد حسن اور محمد نبی نے دو دو وکٹیں حاصل کیں۔