لاہور (کامرس رپورٹر + نمائندگان) ملک میں بجلی کی پیداوار میں کمی کے باعث شدید حبس میں طویل لوڈشیڈنگ کا سلسلہ شروع کر دیا گیا جس سے لوگوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ پاور پلانٹس کو پی ایس او کی جانب سے فرنس آئل کی فراہمی میں کمی کے باعث پیداوار میں کمی ہوئی۔ دوسری جانب صوبائی دارالحکومت سمیت کئی شہروں میں ہونی والی بارشوں سے متعدد فیڈرز بھی ٹرپ ہو گئے جس سے بڑے علاقے میں بجلی کی فراہمی معطل ہو گئی۔ پیداوار میں کمی کے باعث شارٹ فال 7 ہزار میگا واٹ سے تجاوز کر گیا جس کی وجہ سے لوڈ شیڈنگ کا دورانیہ بڑھا دیا گیا۔ شہروں میں گزشتہ روز 12 گھنٹے جبکہ دیہی علاقوں میں 18 گھنٹے کی لوڈ شیڈنگ کی گئی رات کے وقت لوڈ بڑھنے پر کئی ایک گھنٹے کی لوڈ شیڈنگ بھی کی گئی۔ گزشتہ روز شہر کے کئی علاقوں میں تیز بارش کے باعث لیسکو کے درجنوں فیڈرز ٹرپ کر گئے۔قصور سے نمائندہ نوائے وقت کے مطابق قصور میں واپڈا کی غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ پر لوگ سراپا احتجاج بن گئے۔ ہر ایک گھنٹے بعد تین گھنٹے کے لیے بجلی بند کر دی جا تی ہے شہر میں علاقہ شہباز خاں روڈ، کھارا روڈ ، کوٹ مراد خاں ، بھسر پورہ ، پاکیزہ کالونی، کوٹ غلام محمد، نیا بازار ، دین گڑھ ، مشتاق کا لونی، نفیس کالونی ، کالج روڈ، بھٹہ گوریا والا ، شاہ عنایت کا لونی ، بھٹہ سوہن والا اور اس کے علاوہ دیہاتی علاقوں فقیرے والا، سہجرا ، کلاں ، بھیڈیاں ، ساندہ ، دولے والا ، ٹولوں والا، نظام پورہ، گرد و نواح میں بدترین لودشیڈنگ کا سلسلہ جاری رہا اور بجلی کی بار بار لو ڈشیڈنگ کی وجہ سے ٹرانسفارمر ٹرپ ہونے لگے۔رینالہ خورد سے نمائندہ خصوصی کے مطابق بجلی کی طویل لوڈشیڈنگ سے شہری بلبلا اٹھے جبکہ حبس کے باعث کئی افراد بیہوش ہو گئے۔ بصیر پور سے نامہ نگار کے مطابق طویل لوڈشیڈنگ کیخلاف احتجاج کیا گیا۔