کسی واقعہ پر کراچی آپریشن کو ناکام نہیں کہا جا سکتا، ٹارگٹ کلنگ، بھتہ خوری کم ہوئی: سراج الحق

لاہور (خصوصی نامہ نگار) جماعت اسلامی کے امیر سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ لوگوں کو جان و مال کا تحفظ دینا حکومت کی ذمہ داری ہے۔ حکومت اپنی کوتاہیوں کا جائزہ لیکر ان کو دور کرے۔ ملک دشمن قوتیں پاکستان کو غیر مستحکم کرنا چاہتی ہیں۔ کراچی آپریشن سے ٹارگٹ کلنگ، بھتہ خوری اور دیگر جرائم میں خاصی کمی آئی۔ شجاع خانزادہ دلیر اور بے باک سیاستدان تھے ملک و قوم کیلئے ان کی قربانیوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔ جنرل حمید گل نہ صرف پاکستان بلکہ افغانستان اور کشمیر کے عوام کے بھی ہیرو تھے۔ روس کو شکست دینے میں ان کا مرکزی کردار تھا جسے مدتوں یاد رکھا جائے گا۔ ایل او سی اور ورکنگ باﺅنڈری پر بھارتی جارحیت بڑھتی جا رہی ہے جس میں اب تک کئی معصوم پاکستانیوں کو نشانہ بنایا گیا ہے عالمی برادری کو اس کا نوٹس لینا چاہئے۔ اٹک میں شجاع خانزادہ کے اہل خانہ اور راولپنڈی میں لیفٹیننٹ جنرل ر حمید گل مرحوم کے بیٹوں عبداللہ گل اور عمر گل سے ان کے والد کے انتقال پر تعزیت کے بعد گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ عوامی نمائندوں پر حملے اس لئے ہوتے ہیں کہ وہ سکیورٹی حصار اور محفوظ قلعوں میں نہیں عوام کے درمیان رہتے ہیں۔ شجاع خانزادہ عوامی شخصیت تھے اور وہ ہمیشہ عوام کے دکھ درد میں شریک رہتے تھے، عوام کے لئے ان کے گھر کے دروازے ہمیشہ کھلے رہتے تھے۔ انہوں نے کہا کہ شجاع خانزادہ کی شہادت ملک و قوم کیلئے نئی زندگی کا پیغام ہے کیونکہ شہید کی موت قوم کی حیات ہوتی ہے۔ حکومت کو چاہئے کہ وہ مجرموں کو تلاش کرکے انہیں قانون کے کٹہرے میں لائے۔ سراج الحق نے کہا کہ جنرل حمید گل افغان جنگ کے ہیرو تھے۔ انہوں نے دشمن کی تمام چالوں کو ناکام بنا کر پاکستانی سرحدوں کی حفاظت کی ، جنرل حمید گل کے نزدیک ملکی سرحدوں کا دفاع عبادت کا درجہ رکھتا تھا۔ پاکستان کی اسلامی و نظریاتی شناخت کو برقرار رکھنے میں ان کا کردار ناقابل فراموش تھا ، پاکستان کو سیکولر اور لادین ریاست بنانے کی سازشوں کو ناکام بنانے میں بھی وہ ہمیشہ پیش پیش رہے۔ سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ رینجرز آپریشن کے بعد کراچی میں واضح تبدیلی آئی ہے۔ کسی ایک واقعہ کو بنیاد بنا کر آپریشن کو ناکام نہیں کہا جا سکتا۔ انہوں نے کہا کہ ملک سے ہر قسم کی دہشت گردی کے خاتمہ کا جو مینڈیٹ تمام سیاسی قیادت نے حکومت کو دیا تھا اس پر عمل کرنا اور قومی ایکشن پلان کو پایہ¿ تکمیل تک پہنچانا حکومت کی ذمہ داری ہے۔

ای پیپر دی نیشن

''درمیانے سیاسی راستے کی تلاش''

سابق ڈپٹی سپیکرقومی اسمبلی پاکستان جن حالات سے گزر رہا ہے وہ کسی دشمن کے زور کی وجہ سے برپا نہیں ہو ئے ہیں بلکہ یہ تمام حالات ...