اسلام آباد (نمائندہ نوائے وقت) وزیراعظم میاں محمد نواز شریف نے چیف جسٹس پاکستان مسٹر جسٹس جواد ایس خواجہ کے نام ایک خط میں ان سے چیف جسٹس کا پروٹوکول لیتے ہوئے پولیس سکواڈ اور بلٹ پروف گاڑی لینے کی درخواست کی ہے جس پر انہوں نے اس پیشکش کو شکریہ کے ساتھ مسترد کرتے ہوئے پرانی1800 سی سی گاڑی ہی رکھنے کے فیصلہ کا اعادہ کیا ہے۔ ذرائع کے مطابق وزیراعظم کی جانب سے منگل کے روزلکھے گئے خط میںفاضل چیف جسٹس کو سیکورٹی کے حوالہ سے احتیاطی تدبیر کے طور پر بلٹ پروف گاڑی اور سکواڈ لینے کی درخواست کی گئی ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ اس حوالہ سے گزشتہ روز رجسٹرار آفس نے وزیراعظم کو چیف جسٹس کے فیصلہ سے آگاہ کردیا ہے۔ یاد رہے کہ فاضل چیف جسٹس نے عہدہ سنبھالنے کے بعد پرانی رہائشگاہ میں ہی رہنے اور کسی قسم کا بھی پروٹوکول لینے سے انکار کر دیا تھا۔ وزیراعظم نے چیف جسٹس سے بلٹ پروف گاڑی نہ لینے کے فیصلے پر نظرثانی کی درخواست کی۔