اسلام آباد میں ہفتہ وار بریفنگ دیتے ہوئے ترجمان دفترخارجہ قاضی ایم خلیل اللہ نے کہا کہ تئیس و چوبیس اگست کو پاک بھارت مشیران قومی سلامتی کی ملاقات کیلئے سیکریٹری خارجہ بھی ان کے ہمراہ بھارت روانہ ہوں گے،ترجمان کا کہنا تھا کہ ملاقات میں کشمیر، ایل او سی و ورکنگ باونڈری پر خلاف ورزیوں سمیت تمام معاملات پر بات چیت ہو گی۔ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ اہم ملاقاتوں یا تقریبات سے قبل حریت راہنماوں سے مشاورت معمول کی بات ہے، انہوں نے کہا کہ بھارت نے گذشتہ دو ماہ کے دوران ستر مرتبہ لائن آف کنٹرول اور ورکنگ باونڈری کی خلاف ورزی کی ۔قاضی ایم خلیل اللہ کا کہنا تھا کہ بین الاقوامی برادری نے افغان مفاہمتی عمل میں پاکستان کے کردار کو سراہا ہے ۔ اب یہ افغانستان پر منحصر ہے کہ وہ افغان طالبان سے مذاکرات کا دوسرا دور کب شروع کرے گا۔