لاہور (سٹاف رپورٹر + نامہ نگاران) مختلف واقعات میں تین شادی شدہ خواتین سمیت 4 افراد نے گھریلو ناچاقی پر زندگی ختم کر لی۔ تفصیلات کے مطابق تھانہ ہنجروال کے علاقے میں شوہر کے جھگڑا کرنے پر بیوی نے زہریلی گولیاں کھا کر زندگی کا خاتمہ کر لیا۔ متوفیہ 2 بچوں کی ماں تھی۔ گوشت والی گلی کے عمران کا اپنی بیوی آسیہ سے معمولی بات پر جھگڑا ہوا جس پر آسیہ نے دلبرداشتہ ہوکر زہریلی گولیاں کھا لیں۔ اسے طبی امداد کیلئے مقامی ہسپتال منتقل کیا گیا مگر وہ جانبر نہ ہوسکی۔ قصور کے علاقہ کوٹ مولوی عبدالقادر میں بجلی کی دکان کے مالک انور اور اس کی بیوی میں اکثر گھریلو ناچاقی رہتی تھی جس سے دلبرداشتہ ہوکر خاتون نے زہریلی گولیاں نگل کر زندگی ختم کر لی۔ علاوہ ازیں کامونکے میں 40 سالہ جاوید جو جوتیوں کی دکان لگا کر اپنے بچوںکا پیٹ پال رہا تھا نے کاروبار میں گھاٹے اور قرضوں سے دلبرداشتہ ہوکر گزشتہ روز زہریلی گولیاں نگل لیں۔ اختر آباد کے محلہ فاروق نگر کے گلزار احمد کی بیٹی جمیلہ بی بی کی شادی چند سال قبل موضع فیروز منڈی تاندلیانوالہ میں ہوئی تھی نے میکے اور سسرال دونوں جانب سے دلبرداشتہ ہوکر گلے میں پھندا ڈال کر موت کو گلے لگا لیا۔
4 خودکشیاں: ہنجروال میں 2 بچوں کی ماں نے گھریلو ناچاقی پر زہر نگل لیا
Aug 20, 2016