لاہور: چوری کا مجرم ڈبل سزا کاٹنے کے باوجود رہا نہ ہو سکا

لاہور (اپنے نامہ نگار سے) چوری کا مجرم دگنی سزا کاٹنے کے بعد بھی جیل سے رہا نہ ہو سکا۔ ملزم کی بیوی انصاف کے حصول کے لئے عدالت میں پہنچ گئی۔ بتایا ہے کہ چوری کا مجرم مرزا خان کوٹ لکھپت جیل میں اپنی رہائی کے انتظار میں 9 برس سے سلاخوں کے پیچھے بیٹھا ہے اس کے خلاف چوری کی ایف آئی آر بھی گم ہو چکی۔ ایڈیشنل سیشن جج سرفراز اختر نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے تھانہ شمالی چھائونی پولیس کو حکم دیا ہے کہ وہ آج چوری کی ایف آئی آر عدالت میں پیش کرے۔ ملزم مرزا خان 2001ء سے جیل میں ہے جبکہ اس کی بچی بھی جوان ہو چکی۔ مرزا خان کی بیوی نے عدالت کو بتایا کہ اسکے خاوند کی سزا 2007ء میںپوری ہوئی مگر اس وقت سے وہ جیل اور پولیس تھانوں کے چکر کاٹ رہی ہے لیکن اسکے خاوند کو رہا نہیں کیا جا رہا۔ جیل حکام اور پولیس اہلکار اب کہہ رہے ہیں کہ اسکے خاوند مرزا خان کے کیس کے کاغذات گم ہو گئے، وہ ملیں گے تو اسے رہا کیا جائے گا۔

ای پیپر دی نیشن