رامیشور (بی بی سی) بھارت کی جنوبی ریاست کرناٹک میں پولیس نے 17 افراد کو ایک ہندو شخص کے قتل کے الزام میں گرفتار کرلیا جو گائے کا بیوپاری تھا۔ بھارتی ذرائع ابلاغ کے مطابق بی جے پی سے تعلق رکھنے والے پراوین پجاری کو اس لئے نشانہ بنایا گیا کیونکہ وہ گائے کے بچھڑوں کو ریڑھے کی مدد سے گاؤں میں لاتا تھا۔ 28 سالہ پراوین پجاری اس حملے کے نتیجے میں شدید زخمی ہوا جبکہ ان کے ساتھ موجود 20 سالہ اکشے دیوادیگا ہسپتال میں زیرِ علاج ہے۔ علاقے کے ایس پی کے ٹی بالاکرشنا نے بتایا کہ یہ دونوں افراد گاڑی میں 3 بچھڑے لے کر ہبری نامی گاؤں سے گزر رہے تھے کہ نام نہاد گائو رکھشا دل کے 17 غنڈوں نے ان پر تیز دھار ہتھیاروں سے حملہ کیا۔