چمن (نوائے وقت رپورٹ) افغان حکومت کی بھارت سے ہمدردیاں کھل کر سامنے آگئیں، پاکستان میں مودی مخالف مظاہروں کے ردعمل میں افغان فورسز کی مدد سے افغانیوں نے باب دوستی پر پتھراو¿ اور پاکستانی پرچم کی توہین پر ایف سی نے احتجاجاً باب دوستی بند کر دیا۔ بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کے بلوچستان سے متعلق بیان کے خلاف چمن میں پاکستانی قبائل کے احتجاج کے ردعمل میں گزشتہ روز افغان شہریوں نے افغانستان کے یوم آزادی کے سلسلے میں باب دوستی تک ریلی نکالی۔ اس دوران افغان فورسز کی بھارت سے اظہار ہمدردی کھل کر سامنے آگئی، افغانیوں نے اچانک باب دوستی پر دھاوا بول دیا اور افغانی فورسز کے موجودگی میں افغانیوں نے باب دوستی پر پتھراو¿کیا جس سے دوستی گیٹ کے شیشے ٹوٹ گئے جبکہ پاکستانی پرچم کی بےحرمتی کرتے ہوئے جلا دیا گیا۔ مظاہرین کی اس حرکت پر پاکستانی فورسز کو سخت اشتعال آگیا تاہم جوابی ردعمل کے بجائے ایف سی فورسز نے باب دوستی کو احتجاجاً بند کر دیا۔ باب دوستی بند ہونے سے پاک افغان تجارت، نیٹو سپلائی، دوطرفہ تجارت اورپیدل آمدورفت سمیت ہر قسم کی تجارتی سرگرمیاں بھی معطل ہو گئیں اور سرحد کے دونوں جانب نیٹو کنٹینرز اور مال بردار ٹرکوں کی لمبی قطاریں لگ گئیں۔ سرحد کی بندش سے تاجروں اور پاک افغان عوام کو سخت مشکلات کا سامنا ہے۔
چمن ریلی