کولمبو(آئی این پی) سری لنکن ڈریسنگ روم میں بسکٹ کھانے پر پابندی عائد کردی گئی جب کہ حکم عدولی پر جھگڑے اور برتن توڑنے کی اطلاعات سامنے آگئیں۔سری لنکن میڈیا میں خبریں گردش میں تھیں کہ ڈریسنگ روم میں بسکٹ کھانے پر کرکٹرز کا ٹیم منیجر اسنکاگروسنہا سے جھگڑا ہوا اور انہوں نے احتجاج کے طور پر برتن توڑ دیے۔ اس حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے گروسنہا نے کہا کہ فزیو اور ٹرینر میچ کے دوران کھلاڑیوں کی خوراک کا خیال رکھتے ہیں، انہوں نے پابندی لگائی تھی کہ ڈریسنگ روم میں بسکٹ نہ لائے جائیں، اگلے ہی روز وہاں بسکٹ موجود تھے، میں نے عملے سے کہا کہ انہیں اٹھاکر لے جا، کھلاڑیوں اور اسٹاف میں اس مسئلے پر کوئی تکرار نہیں ہوئی، پلیئرز کو تو علم ہی نہیں تھا کہ بسکٹ ڈریسنگ روم میں رکھے ہوئے ہیں۔ منیجر نے کہا کہ اطلاعات سامنے آنے پر کرکٹرز نے مجھے فون کرکے کہا کہ کوئی مسئلہ نہیں اور ہم سب آپ کیساتھ ہیں۔ گروسنہا نے کہا کہ بھارت سے ون ڈے سیریز کے بعد میرے استعفی دینے یا فارغ کردیے جانے کی اطلاعات بھی درست نہیں ہیں۔