تحفظ نظریہ پاکستان‘ ملکی استحکام کا عزم لیکر میدان میںاترے ہیں: سیف اللہ خالد

لاہور (سپیشل رپورٹر)ملی مسلم لیگ کے مرکزی قائدین نے کہا ہے کہ ہم نظریہ پاکستان کے تحفظ اور استحکام پاکستان کا عزم لیکر میدان میں اترے ہیں،ہم نے کسی کی ذات پر کیچڑ نہیں اچھالنا بلکہ خدمت انسانیت کی بنیاد پر سیاست کرنی ہے، این اے 120میں گھر گھر جاکر مہم چلائیں گے اور کامیابی حاصل کریں گے،گلی محلہ کی سطح پر سینکڑوں انتخابی دفاتر قائم کئے جائیں گے، 17ستمبر کو عوام نظریہ پاکستان کا تحفظ کرنے والوں کو ووٹ دیں گے،ہم صداقت،شرافت اور احترام انسانیت کی سیاست کرتے ہوئے عوام سے کیے گئے وعدے پورے کریں گے،ہم اس ملک کو قائد اعظم اور علامہ اقبال کے افکار کی روشنی میں ترقی کی راہ پر گامزن کریں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے حلقہ این اے 120میں مرکزی انتخابی دفتر کی افتتاحی تقریب سے خطاب کر تے ہوئے کیا۔لکشمی چوک میں قائم مرکزی دفتر کا افتتاح ملی مسلم لیگ کے صدر سیف اللہ خالد، امیدوار این اے120محمد یعقوب شیخ ، حافظ خالد ولید، حافظ عبدالرئوف ، ابو الہاشم ربانی ودیگر نے کیا،اس موقع پر ملی مسلم لیگ کے کارکنان ، سپورٹرز اورو وٹرز کی کثیر تعداد موجود تھی۔دفتر کے افتتاح کے موقع پرموجود اہل علاقہ میں زبردست جوش و خروش دیکھنے میں آیا۔اس دوران ملی نغمے بھی چلائے جاتے رہے ۔افتتاحی تقریب کے دوران ملی مسلم لیگ کے رہنماانجینئر محمد حارث،تابش قیوم و دیگر بھی موجود تھے۔ ملی مسلم لیگ کے صدر سیف اللہ خالد نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مرکزی انتخابی دفتر کا افتتاح کیا اب این اے120میں مختلف مقامات پر دفاتر کھولیں گے،عوام کے تعاون سے انتخابی مہم چلائیں گے،ہم دھوکہ دہی اور مفادات کی سیاست کرنے نہیں آئے بلکہ غریبوں کو ان کے حقوق دلوانے آئے ہیں۔آئی ایم ایف اور ورلڈ بینک کے شکنجوں سے نکال کر پاکستان کو خود مختار ملک بنانا چاہتے ہیں۔ہمیںقوم کا اعتماد حاصل ہے۔ ہم نے حلقہ این اے 120سے حمایت یافتہ امیدوار محمد یعقوب شیخ کو کھڑا کیا ہے۔ہم نے نظریہ پاکستان کی بنیاد پر یہ انتخاب لڑنا ہے۔ ہم یونین کونسل کی سطح پر غربائ، بیوگان اور مستحق لوگوں کی مدد کا مضبوط نیٹ ورک بنا رہے ہیں۔

ای پیپر دی نیشن